سنی اتحاد کونسل کے 9 اور جماعت اسلامی کے ایک رکن نے حلف اٹھا لیا
سندھ اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل کے 9 اور جماعت اسلامی کے ایک رکن نے حلف اٹھا لیا، اسپیکر آغا سراج درانی نے نومنتخب ارکان سے حلف لیا۔
اسپیکر آغا سراج درانی کی زیر صدارت سندھ اسمبلی کا اجلاس 19 منٹ تاخیر سے شروع ہوا، اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔
10 نومنتخب ارکان نے حلف اٹھالیا
اجلاس کے آغاز پر تحریک انصاف کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے 9 آزاد اراکین اور جماعت اسلامی کے رکن محمد فاروق سمیت 10 ارکان نے سندھ اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔
اسپیکر آغا سراج درانی نے نومنتخب اراکین سے حلف لیا، اس کے علاوہ پیپلز پارٹی اور جی ڈی اے کے تین، تین ارکان نے حلف نہیں لیا۔
حلف لینے والوں میں سنی اتحاد کونسل کے شبیر قریشی، محمد اویس، بلال جدون، سجاد سومرو، ریحان اکرم، واجد حسین، سربلند خان اور ساجد حسین شامل ہیں۔
سندھ کے عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے، مراد علی شاہ
اس موقع پر پیپلز پارٹی کے نامزد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ آج اسمبلی میں حلف اٹھانے والے اراکین کو ویلکم کرتا ہوں، سندھ کے عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
سنی اتحاد کونسل کے رکنِ سندھ اسمبلی سجاد علی سومرو کا کہنا ہے کہ آج ہمارے 9 ارکان نے حلف اٹھایا ہے، ہم پی ٹی آئی کے منتخب ایم پی ایز ہیں، سنی اتحاد کونسل سے الحاق کیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز 148 ارکان نے سندھ اسمبلی میں حلف لیا تھا، اب تک مجموعی طور پر 157 ارکان سندھ اسمبلی حلف لے چکے ہیں، الیکشن کمیشن نے 163 ارکان کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی قیادت کے فیصلے پر پہلے آزاد ارکان سندھ اسمبلی نے حلف نہیں لیا تھا۔
Comments are closed on this story.