Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

سندھ ہائیکورٹ کا پی ٹی اے کو ملک بھر میں سماجی رابطے کی سائٹ ”ایکس“ بحال کرنے کا حکم

"ایکس" سروس بغیر کسی خلل اور بندش کے بحال رکھی جائے، سندھ ہائیکورٹ
شائع 22 فروری 2024 03:30pm

سندھ ہائیکورٹ نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو ملک بھر میں سماجی رابطے کی سائٹ ”ایکس“ بحال کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے کہا کہ ”ایکس“ سروس بغیر کسی خلل اور بندش کے بحال رکھی جائے۔

سندھ ہائیکورٹ نے پی ٹی اے اور دیگر فریقین سے آئندہ سماعت پر تفصیلی جواب طلب کرلیا۔

عدالت نے پی ٹی اے کو بلا جواز انٹرنیٹ، ویب سائٹس ایکس اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارم بند کرنے سے روک دیا۔

سماعت کا احوال

اس سے قبل سندھ ہائیکورٹ میں ملک بھر میں انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کی بندش سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جس میں چیف جسٹس ہائیکورٹ جسٹس عقیل عباسی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے انٹرنیٹ سروس کی بندش پر اظہار افسوس کیا۔

سندھ ہائیکورٹ نے 2 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ عدالتی احکامات کے باوجود انٹرنیٹ بند کیا گیا ہے، پی ٹی اے کی جانب سے انٹرنیٹ بند کرنے کی ٹھوس وجوہات نہیں بتائی گئیں، تمام متعلقہ ادارے ملک بھر میں انٹرنیٹ کی بحالی کو یقینی بنائیں۔

عدالت نے حکم دیا کہ عوام کی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز تک قانون کے مطابق رسائی کو یقینی بنایا جائے، اور کہا کہ اگر انٹرنیٹ بندش کی ٹھوس وجوہات نہ بتائی گئیں تو متعلقہ حکام کے خلاف کارروائی کی جائے گی، بغیر کسی ٹھوس وجوہات انٹرنیٹ بند نہیں ہونا چاہیے، نہ ہی رفتار کم کی جائے۔

سندھ ہائیکورٹ نے ہدایت کی کہ اگر یہی صورت حال برقرار رہتی ہے تو آئندہ سماعت پر عدالت کو آگاہ کیا جائے۔

پی ٹی اے کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ 8 فروری کو الیکشن کے دن وزارت داخلہ اور مختلف اداروں کی رپورٹ پر انٹرنیٹ بند کیا گیا تھا، اضافی جواب جمع کرانے اور متعلقہ حکام سے ہدایات لینے کے لیے مہلت دی جائے۔

سندھ ہائیکورٹ نے کہا کہ وفاقی حکومت اور سندھ حکومت کے وکیل نے بھی جواب کے لیے مہلت طلب کی ہے، اس لیے کیس کی مزید سماعت اب 5 مارچ کو کی جائے گی۔

karachi

social media

Sindh High Court

Internet Down

Internet Ban

internate

Social media down