Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

تحریک انصاف کا سابق کمشنر راولپنڈی کے بیان پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ

پی ٹی آئی مرکز اور صوبوں میں حکومت بنائے گی، کرسی عمران خان کی امانت ہے، عمر ایوب
اپ ڈیٹ 18 فروری 2024 06:02pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے بیان پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کردیا۔ پی ٹی آئی رہنما عمرایوب نے کہا کہ تحریک انصاف مرکز اور صوبوں میں حکومت بنائے گی، کرسی بانی تحریک انصاف کی امانت ہے، وزارت عظمی کا الیکشن لڑوں گا۔ دوسری طرف پشاور میں پریس کانفرنس کرتےہوئے ترجمان مسلم لیگ ن اختیار ولی خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے پاس اگر 180 سیٹیں ہیں تو مرکز میں حکومت بنالے، تحریک انصاف والے شیخ چلی اور الف لیلوی داستانوں سے باہر نکل نہیں پا رہے ہیں۔

بیرسٹر گوہر

اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سیکرٹری جنرل عمر ایوب کو ویلکم کرتے ہیں، وزیر اعظم کے لیے عمر ایوب ہمارے امیدوار بھی ہیں، بدقسمتی سے الیکشن کمیشن نےعوامی مینڈیٹ کے مطابق نتائج ابھی تک جاری نہیں کیے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے جمہوریت کو ڈی ریل ہونے سے بچانے کے لیے کوششیں کیں، بروقت انتخابات کے لیے پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن سے بار بار استدعا کی، قومی اسمبلی کی 180 سیٹیں ہیں جہاں ہم کامیاب ہوئے۔

پی ٹی آئی کے رہنما نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا سے 42، پنجاب سے 115، سندھ سے 16 اور بلوچستان سے 4 سیٹوں پر ہم کامیاب ہوئے، پنجاب میں 50 کے قریب نشستوں پر ہماری کامیابی کو نہیں ظاہر کیا گیا، سندھ کی سیٹ پر بھی ہمیں کامیابی نہیں ملی۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو آؤٹ کرنے کی کوشش کی گئی، نہ بلا رہا نہ لیڈرشپ، پی ٹی آئی کو ریلیوں اور ورکرز کنونشنز کی اجازت نہیں دی گئی، پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف پرچے کاٹے گئے، عوام نے 8 فروری کو پی ٹی آئی کو ووٹ دیا۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ فارم 45 پی ٹی آئی کے ساتھ ن لیگ ، پیپلز پارٹی سمیت تمام پارٹیوں کو ملا، آراو کی ذمہ داری ہے فارم 45 کے تحت ڈیٹا اکٹھا کرے اور فارم 47 بنائے۔

عمر ایوب

پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب نے کہا کہ 12ماہ پی ٹی آئی کارکنان کے ساتھ پولیس گردی کی گئی، پی ٹی آئی کارکنوں کو دیوار سے لگایا گیا، مقدمات بنائے گئے، اب بھی مختلف کیسز میں پولیس غیرقانونی دباؤ ڈال رہی ہے۔

عمر ایوب نے کہا کہ جو کام کیا جارہا ہے یہ کسی نگراں حکمرانوں کا نہیں تھا، پی ٹی آئی مرکز اور صوبوں میں حکومت بنائے گی، مختلف لوگ کہتے تھے پی ٹی آئی کے پولنگ ایجنٹ اور امیدوار نہیں ہوں گے، ہمارے امیدوار بھی سب سے زیادہ تھے اور پولنگ ایجنٹ بھی موجود تھے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے انتخابات میں 180 سیٹیں جیت کر ثابت کردیا، قومی اسمبلی میں وزارت عظمیٰ کا الیکشن لڑوں گا، ان شااللہ پی ٹی آئی مرکز اور صوبوں میں حکومت بنائے گی، یہ جیت پی ٹی آئی اوربانی پی ٹی آئی کی ہوگی۔

پاکستان تحریک انصاف نے سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے بیان پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کردیا۔

پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ کمشنر راولپنڈی نے ہمارے مؤقف کی تصدیق کی، ہمارا مطالبہ ہے کہ ہمارے 180 امیدواروں کو کامیاب قرار دے کر نوٹیفکیشن جاری کیا جائے، کراچی میں ہماری 18 سے 19 نشستیں ایم کیوایم نے چرائی ہیں، کراچی کی سیٹوں پر پی ٹی آئی کو کامیاب قرار دیا جائے۔

عمر ایوب کا مزید کہنا تھا کہ جیلوں میں قید سینئر قیادت اور کارکنان کی بازیابی ہمارا مقصد ہوگا، 2024 میں جوانتخابی دھاندلی ہوئی اسے مدر آف آل ریگنگ ڈکلیئر کرتے ہیں، جو پارٹیاں دھاندلی کی بینفشریز ہیں وہ آپس میں گتھم گتھا ہوگئی ہیں۔

مزید پڑھیں

سابق کمشنر راولپنڈی کا انتخابات سے ایک روز قبل کا ویڈیو بیان سامنے آگیا

سابق کمشنر راولپنڈی پر حساس اداروں کی رپورٹ منظر عام پر آگئی

آر پی او راولپنڈی کے چھٹی پر بیرون ملک جانے کا انکشاف

انہوں نے یہ بھی کہا کہ عدم اعتماد سے متعلق مولانا فضل الرحمان نے اعتراف کیا، جی ڈی اے سمیت مختلف سیاسی پارٹیوں نے دھاندلی کے خلاف احتجاج کیا۔

شاندانہ گلزار

پشاور میں پی ٹی آئی کی نومنتخب ایم این اے شاندانہ گلزار نے پریس کانفرنس کرتےہوئے کہا کہ ہمارا انتخابی نشان لےکرغیرقانونی کام کیا گیا، بانی پی ٹی آئی کو انصاف ملے گا، اس الیکشن میں تین چوتھائی جیت ہمیں ملی، بانی پی ٹی آئی کےتمام کیسزکی سماعت اڈیالہ میں کی جارہی ہے، آراوز وہی لگتے ہیں جنہوں نے ہمارے گھر پر دھاوا بولا۔

انھوں نے کہا کہ ہم پر 3 ایم پی او لگانے والوں کو آپ نے ہم پر آر او لگایا، جتنے بھی کے پی میں آر اوز میں احساس زندہ ہے، تو وہ خود آگے آکر مقدس کتاب پر ہاتھ رکھ کر بتائیں اور قسم کھائیں کہ ایک ووٹ بھی نہیں بدلا۔

انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کس چیز سے ڈرتے ہیں کبھی نمبر بند، کبھی دفتر بند، کمشنر راولپنڈی کی طرح گجرانوالا والے آر او نے بھی مانا کہ مجھ پر پریشر تھا، گزشتہ روز مریم اورنگزیب کو غصہ آگیا تھا، مریم نے کہا کہ کمشنر راولپنڈی کا دماغی توازن خراب ہے، مریم اورنگزیب نے غلط بات کی کہ دس سال پہلے بانی پی ٹی آئی کا سر قلم کردیتے۔

تیمور سلیم جھگڑا

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ کل الیکشن کمشن آف پاکستان جارہے ہیں، میرےمقابلےمیں پانچویں نمبرکےامیدوارکو جتوایاگیا، کامران بنگش کی نشست پرساتویں نمبر کے امیدوار کو جتوایا گیا، ساجد نواز کے مقابلے میں نور عالم کو جتوایا گیا، پشاور کا ٹرن آوٹ سب سے کم لیکن نور عالم کے حلقے میں ٹرن آوٹ 62 فیصد تھا۔

انھوں نے کہا کہ آراوز8 فروری سےغائب ہیں، سی سی پی او، ایس ایس پی اور ڈی سی صاحب کو وضاحت دینی ہوگی۔ چیف سیکرٹری، آئی جی کو کہہ رہا ہوں یہ دھاندلی چھپائی نہیں جاسکتی، فارم 45 اور 47 کسی کے سامنے نہیں بنایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈی سی پشاور، سی سی پی اور ایس ایس پی پولنگ روم میں رہے، انکو جواب دینا ہوگا یہ پبلک سرونٹ ہیں، آر اوز کے پاس ہم نے کیس کیے ہیں، پی کے 74 اور پی کے 80 ان 2 حلقوں میں نام کے سوا کوئی فرق نہیں، جو ملا بس پرنٹ کیا اور سائن کردیا، پی کے 72 والے نے فارم میں نام کی بجائے رنر اپ اور جیتنے والے کا نام ہی نہیں لکھا۔

تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا تھا کہ 5 آر اوز کیا ایک کمرے میں بیٹھے تھے، کسی نے عیدگاہ میں دیکھا کہ کیا ایک امیدوار بھی اندر تھا۔

پشاور: ترجمان مسلم لیگ ن اختیار ولی خان کا عمر ایوب کی پریس کانفرنس پر رد عمل

اختیار ولی خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پاس اگر 180 سیٹیں ہیں تو مرکز میں حکومت بنالے، تحریک انصاف والے شیخ چلی اور الف لیلوی داستانوں سے باہر نکل نہیں پا رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی خیبر پختون خوا کے الیکشن کو فراڈ کیوں تسلیم نہیں کرتی؟ جس کو تمام جماعتیں فراڈ قرار دے چکے ہیں، صوبے کے الیکشن پر پی ٹی آئی نے ڈکیتیاں ڈالی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے ہر الیکشن ہارنے کے بعد پنکچروں کا بیانیہ لیکر میڈیا پر محلے کی ماصیوں کی طرح رونا دھونا شروع کردیتے ہیں، پی ٹی آئی نے اپنے حکومت میں اگر کوئی کارنامہ کیا ہو تو ہمت کرکے اس کارنامے کا نام لیکر بتائیں۔

اختیار ولی نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی چار سالہ حکومتی تاریخ ناکامیوں، بربادیوں، بے حیائی اورعیاشیوں سے بھری پڑی ہے، تحریک انصاف پر انٹرا پارٹی انتخابات میں فراڈ کا الزام ہے، ان کو کسی پر فراڈ کا الزام زیب نہیں دیتا۔

انھوں نے کہا کہ کمشنر راولپنڈی کی فلاپ فلم دو گھنٹے میں پردے سے اتر گئی، کمشنر راولپنڈی کے پیچھے 190 ملین پاونڈ کا زور تھا، ملک ریاض کا وار خطا گیا۔

pti

اسلام آباد

umar ayub

Barrister Gohar

Barrister Gohar Khan

Election 2024

GENERAL ELECTION 2024

Pakistan Elections 2024