Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

مری میں طوفانی بارش اور برفباری متوقع، انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت

محکمہ موسمیات نے دیگر علاقوں میں بھی بارش اور مزید برفباری کی پیش گوئی کر دی
شائع 17 فروری 2024 05:53pm
علامتی تصویر بذریعہ اے ایف پی
علامتی تصویر بذریعہ اے ایف پی

آج ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے بالائی علاقوں میں برفباری اور بارش کا امکان بھی ظاہر کر دیا۔ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے مری میں آئندہ 2 روز میں موسم خراب رہنے کی پیشگوئی کے ساتھ انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مری، گلیات اور گردو نواح میں 18 اور 19 فروری کو طوفانی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔

انھوں نے بتایا کہ مری، گلیات اور گردو نواح میں ہفتےاور اتوارکو برفباری کے 70 فیصد جبکہ پیر کے روز بارش اور برفباری کے 75 فیصد امکانات ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مری میں آج سے 22 فروری تک موسم کی صورت حال غیر یقینی رہے گی جس کیلئے مری انتظامیہ تمام تر صورت حال سے نمٹنے کیلئے تیار رہے۔

خراب موسم کے سبب ترجمان پی ڈی ایم اے نے مری جانے والے سیاحوں کو سفر کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

یاد رہے محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی تھی کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ 17 فروری کی رات سے ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہوگا جس کے سبب 17 سے 21 فروری کے دوران ملک کے بالائی وسطی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔

میٹ آفس کا کہنا تھا کہ 17 سے 21 فروری کے دوران کشمیر، گلگت بلتستان میں بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، 17 سے 21 فروری کو اسلام آباد، پنجاب، مری گلیات میں بارش جبکہ 18 اور 19 فروری کو ملتان، بھکر، راجن پور اور ڈی جی خان میں بارش متوقع ہے۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے آج ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیش گئی کی۔

شہر اقتدار سے متعلق محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ اسلام آباد اور گردو نواح میں رات میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے دوسری جانب پنجاب اور سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا۔

بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں جھکڑ چلنے کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔

اسکردو میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5 ڈگری کالام میں منفی 4، گویس میں منفی 3 اور بگروٹ میں منفی 2 ریکارڈ کیا گیا، اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 6، لاہور 9 اور کراچی میں 14 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

karachi

اسلام آباد

quetta

peshawar

Murree

Weather Updates