ن لیگ وفاقی حکومت سے دستبردار، سعد رفیق نے تصدیق کردی
مسلم لیگ ن کی جانب سے وفاقی حکومت سے دستبرداری کی خبروں کی تصدیق الیکشن ہارنے والے سینیئر پارٹی رہنما خواجہ سعد رفیق کی ایک پوسٹ سے بھی ہوتی ہے۔سعد رفیق کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کو اپنے سر پر کانٹوں بھراتاج سجانے کی کوئی خواہش نہیں ہے۔
خواجہ سعد رفیق نے سیاست دانوں کو یاد دلایا ہے کہ وفاقی حکومت کی تشکیل پارلیمنٹ میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے، نہ کہ صرف ان کی جماعت کی۔
قائد ن لیگ نوازشریف کی زیر صدارت ہونے والے گزشتہ روز سامنے آنے والی پارٹی اجلاس کی اندرونی کہانی کے مطابق اجلاس کے شرکاء نے نواز شریف کو تجویز دی تھی کہ وفاقی حکومت ہمیں نہیں لینی چاہیے۔
دوسری طرف اس خبر کے سچ ہونے کو اس بات سے بھی تقویت ملی کہ حکومت سازی کے معاملے پر پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کی رابطہ کمیٹیوں کا جمعہ کو ہونے والا اجلاس ملتوی کرکے ہفتے کو رکھ لیا گیا ہے۔ اس اہم اجلاس میں حکومت سازی کے معاملات کو حتمی شکل دی جانا تھی۔
اب پارٹی کے سینیئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ ، ’موجودہ قومی اسمبلی میں کسی کے پاس واضح اکثریت نہیں ہے۔ وفاقی حکومت کی تشکیل پارلیمنٹ میں موجود تمام جماعتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے، مسلم لیگ (ن) کی نہیں۔‘
سابق وفاقی وزیر کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ, ’پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد ارکان پہل کریں، پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر مشترکہ مرکزی حکومت تشکیل دیں۔ہم آپ کو مبارکباد دیں گے۔‘
سعد رفیق کے اس پیغام میں واضح کیا گیا ہے کہ ن لیگ حکومت لینے کی خواہش نہیں رکھتی۔ انہوں نے لکھا، ’ مسلم لیگ (ن) کو اپنے سر پر کانٹوں بھرا تاج سجانے کی کوئی خواہش نہیں ہے۔’
واضح رہے کہ ن لیگ کی جانب سے وزرات عظمیٰ کے لیے پارٹی صدر شہباز شریف کو نامزد کیا گیا ہے۔
سعد رفیق نے اس حوالے سے اپنی ایک پرانی ٹویٹ بھی ری پوسٹ کی۔
اس ٹویٹ میں جون 2020 میں قومی اسمبلی سے کیے جانے والے خطاب کا ایک ویڈیو کلپ شامل ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ، ’ وہ وقت آنے والا ہے کہ وزرارت عظمیٰ دینے والے وزرات عظمیٰ لے کر پھریں گے لیکن لینے والا کوئی نہیں ہوگا۔ ’
یہ بیان مسلم لیگ (ن) کے اجلاس کی اندرونی کہانی کے بعد سامنے آیا جس میں انکشاف کیا گیا تھا کہ پارٹی رہنماؤں نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو تجویز دی ہے کہ انہیں ’حکومت نہیں لینی چاہیے‘۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف کا بھی کہنا تھا کہ، ’حکومت کے لیے کسی کی غیر اصولی بات نہیں ماننا چاہیے۔‘
پارٹی اجلاس میں یہ رائے بھی دی گئی کہ ملک معاشی بحران کا شکار ہے، بچانے کی ضرورت ہے۔شرکاء نے نواز شریف سے کہا کہ پنجاب میں آسانی سے حکومت بنا سکتے ہیں، صرف پنجاب پر فوکس کرنا چاہئیے۔
Comments are closed on this story.