Aaj News

جمعہ, نومبر 15, 2024  
12 Jumada Al-Awwal 1446  

’مولانا فضل الرحمان کی بات سے متفق نہیں، جے یو آئی کی پرفارمنس کا سب کو پتہ تھا‘

ہارتسلیم کرتا ہوں، اپنے حلقے کے نتیجے سے مطمئن ہوں، رانا ثناء
شائع 15 فروری 2024 11:06am
فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ میں شکست تسلیم کرتا ہوں قومی اسمبلی میں کوئی بھی اکثریت حاصل نہ کر سکا تو ملک نئے بحران کا شکار ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کی پرفارمنس کا سب کو پتہ تھا۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں شریک رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ دوسرے لوگ اپنے ذاتی مفاد اور ذاتی سیاست کو آگے رکھیں گے تو نتیجے کے قصور وار ہم نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں کوئی بھی اکثریت حاصل نہ کرسکا تو ملک نئے بحران کا شکارہو گا، اس بات کا احساس ن لیگ کو تو ہے لیکن باقی سب کو بھی ہونا چاہیئے۔

سابق وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ 16 ماہ کی حکومت ہمارے گلے پڑی تو اس میں آصف زرداری کے ساتھ ساتھ مولانا فضل الرحمان کا بھی حصہ تھا، جس دن شہباز شریف اسمبلی ختم کرنے جا رہے تھے تو اس دن آصف زرداری کے ساتھ ساتھ مولانا نے بھی انہیں روکا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کی اس بات سے متفق نہیں کہ فیصلے اب ایوان میں نہیں بلکہ میدان میں ہوں گے، مولانا کا مینڈیٹ چوری ہوا ہے تو وہ الیکشن ٹریبونل میں جائیں۔

رانا ثناء نے کہا کہ شہباز شریف پاکستان تحریک انصاف سے صاف کہہ چکے ہیں کہ اگر وہ اکثریت ثابت کر دیں تو شوق سے حکومت بنا لیں۔

سینیئر لیگی رہنما کے مطابق انتخابات میں جے یو آئی کی پرفارمنس کا سب کو پہلے سے پتا تھا، ہمارا نتیجہ 10، 15 فیصد آگے پیچھے ہوا ہے، میں ہار گیا ، نتیجہ تسلیم کرتا ہوں۔

انہوں نےمزید کہا کہ اپنے حلقے کے نتائج سے مطمئن ہوں۔

PMLN

Rana Sanaullah

Molana Fazal ur Rehman

Election 2024

GENERAL ELECTION 2024

election 2024 results