Aaj News

اتوار, جنوری 05, 2025  
04 Rajab 1446  

علی امین گنڈا پور کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں روانہ، ’ٹکراؤ کی پالیسی نہیں چاہتے‘

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان کو علی امین گنڈا پور کی گرفتاری کا مراسلہ جاری
اپ ڈیٹ 15 فروری 2024 07:34pm

آزاد کشمیرالیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے نامزد وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے جبکہ پی ٹی آئی رہنما میاں اسلم اقبال، حماد اظہر، امجد اقبال اور علی امین گنڈا پور سمیت دیگر کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں روانہ ہوگئیں۔

سابق صوبائی وزیر علی امین گنڈاپور کے خلاف آزاد کشمیر کے عام انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا کیس زیر سماعت ہے، جس پر ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان کو نامزد وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی گرفتاری کا مراسلہ جاری کر دیا گیا۔

مراسلے میں علی امین گنڈا پور کو 28 فروری کو گرفتار کرکے الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کے روبرو پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور کے خلاف درخواست وکیل راجہ ذوالقرنین کی جانب سے 2021 کے الیکشن کے دوران دائر کی تھی۔

علی امین گنڈا پور پر انتخابی مہم کے دوران وادی جہلم میں پتھراؤ اور ان کے گارڈز کی جانب سے ہوائی فائرنگ کا واقعہ بھی پیش آیا تھا۔

واضح رہے کہ علی امین گنڈاپور کی بطور وزیراعلیٰ نامزدگی پر پی ٹی آئی میں اختلافات سامنے آئے ہیں، علی امین گنڈاپور کی نامزدگی پر اسد قیصر، مشتاق غنی، عاطف خان اور شہرام ترکئی ناخوش ہیں۔

’ کسی ادارے یا افراد سے ٹکراؤ کی پالیسی نہیں چاہتے’

دوسری جانب اپنے پیغام میں علی امین گنڈا پور نے کہا کہ آج پشاور پہنچ رہا ہوں، جلد پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلاؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوامیں نو منتخب آزاد اراکین سے رابطے ہیں، تمام امور مشاورت سے طے کئے جائیں گے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ صوبہ کی کمزور معاشی صورتحال بہتر بنانا ہماری ترجیح ہے، امن و امان کی صورتحال پر بھر توجہ دیں گے، ہم کسی ادارے یا افراد سے ٹکراؤ کی پالیسی نہیں چاہتے۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے تیسری مرتبہ ہم پر اعتماد کیا ہے، عوامی اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائیں گے، ہمارا صوبہ مزید محاذ آرائی اور مشکلات کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

9 مئی جلاؤ گھیراو واقعات: 312 اشتہاریوں میں سے 4 گرفتار

9 مئی جلاؤ گھیراو کے واقعات میں 312 اشتہاریوں میں سے 4 اشتہاریوں کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق 9 مئی کے واقعات میں 312 اشتہاری ہیں، جن میں سب اب تک 4 اشتہاریوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما میاں اسلم اقبال، حماد اظہر، امجد اقبال اور علی امین گنڈا پور سمیت دیگر کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں روانہ ہوگئیں۔

پولیس ٹیموں میں سی آئی اے، انوسٹی گیشن اور آپریشنز پولیس کی ٹیمیں شامل ہیں۔

’علی امین وزیراعلیٰ بنے تو خیبرپختونخوا میں بلوچستان جیسے حالات پیدا ہو جائیں گے‘

مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے مرکزی رہنما اور ترجمان اختیار ولی خان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے علی امین کو وزیراعلی نامزد کرکے ریاست مخالف ایجنڈا اپنا لیا۔

مرکزی رہنما و ترجمان ن لیگ اختیارولی خان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں دھاندلی نہیں پی ٹی آئی کے لیے ڈکیتی کی گئی ہے اس لئے مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا کے انتخابی نتائج کو مسترد کرتی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ علی امین وزیراعلیٰ بنے تو خیبرپختونخوا میں بلوچستان جیسے حالات پیدا ہو جائیں گے اور پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کو تورہ بورہ بنانے کی سازش کر رہی ہے۔

azad kashmir

pti

Ali Amin Gandapur

CM KP

Arrest Warrant

Election 2024

GENERAL ELECTION 2024