Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایف آئی اے کو علیمہ خان کو ہراساں کرنے سے روک دیا

ایف آئی اے آج ہی علیمہ خان کے خلاف انکوائری یا شکایت کی تفصیلات فراہم کرے، چیف جسٹس
شائع 13 فروری 2024 12:37pm

اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان کی بہن علیمہ خان کو ہراساں کرنے سے روک دیا، چیف جسٹس عامر فاروق نے حکم دیا کہ ایف آئی اے آج ہی علیمہ خان کے خلاف انکوائری یا شکایت کی تفصیلات فراہم کرے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خانم کو جاری ایف آئی اے سائبر کرائم اور انسداد دہشت گردی ونگ کے نوٹسز کے خلاف کیس کی سماعت کی۔

درخواست گزار علیمہ خان کے وکیل شیراز رانجھا نے کہا کہ ایف آئی اے کے پاس کوئی ایسا میٹیریل موجود نہیں جس سے سائبر کرائم ہوا ہو۔

وکیل صفائی نے استدعا کی کہ علیمہ خان کے خلاف جاری انکوائری یا شکایت کوخارج کیا جائے، جس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ پہلے رپورٹ منگوا لیتے ہیں دیکھتے ہیں انکوائری ہے بھی یا صرف شکایت ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے کہ ایف آئی اے آج ہی علیمہ خان کے خلاف انکوائری یا شکایت کی تفصیلات فراہم کرے۔

دوران سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے کہ ایف آئی اے میں کوئی شکایت یا انکوئری ہے تو اس کی رپورٹ علیمہ خان کو فراہم کی جائے، ایف آئی اے علیمہ خان کے خلاف کوئی تادیبی کارروائی بھی نہ کرے۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے علیمہ خان کے وکیل سے کہا کہ آپ کو رپورٹ کی کاپی مل جائے تو اپنا جواب ایف آئی اے کو جمع کروا دیں۔

بعدازاں عدالت نے ایف آئی اے کو علیمہ خان کے خلاف کسی بھی تادیبی کارروائی سے روکتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔

pti

FIA

imran khan

Justice Amir Farooq

Islamabad High Court

fia notice

Aleema Khan