Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

بلوچ طلباء کی عدم بازیابی: نگراں وزیراعظم اسلام آباد ہائیکورٹ میں طلب

نگراں وزیراعظم خود پیش ہوکر بتائیں کیوں نہ ان کیخلاف مقدمہ درج کیا جائے، عدالت
اپ ڈیٹ 13 فروری 2024 12:43pm

اسلام آباد ہائیکورٹ نے بلوچ طلباء کی عدم بازیابی کیس میں نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو 19 فروری بروز (پیر) کو طلب کرلیا جبکہ عدالت نے التواء کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا کہ نگراں وزیراعظم خود پیش ہوکر بتائیں کیوں نہ ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں بلوچ طلباء کی عدم بازیابی کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس محسن اختر کیانی نے کیس کی سماعت کی۔

دوران سماعت اسسٹنٹ اٹارنی جنرل عثمان گھمن نے بتایا کہ 12 میں سے ایک اور طالب علم بازیاب ہوگیا یے۔

اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے عدالت سے استدعا کی کہ اٹارنی جنرل آج دستیاب نہیں سماعت ملتوی کی جائے، جس پر عدالت نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا مسترد کردی۔

دوران سماعت ایڈوکیٹ جنرل نے مؤقف اپنایا کہ ہمیں اس کیس میں مزید وقت درکار ہے جس پر جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ یہ تو میری مہربانی ہے کہ میں دونوں ڈی جیز کو نہیں بلا رہا۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کہ جبری گمشدگیوں کی سزا سزائے موت ہونی چاہیئے اور ملوث لوگوں کو دو چار سزائے موت ملنی چاہیئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نگراں وزیراعظم پیر کو 10 بجے خود پیش ہوں، انوار الحق کاکڑ خود پیش ہوکر بتائیں کیوں نہ ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔

بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے بلوچ طلباء کی عدم بازیابی کیس میں پیر کو 10 بجے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 19 فروری تک ملتوی کر دی۔

Islamabad High Court

justice mohsin akhtar kiyani

anwar ul haq kakar

Caretaker Prime Minister Anwar ul Haq Kakar

Caretaker Prime Minister Anwaar ul Haq Kakar

PM KAKAR

PM ANWAR UL HAQ KAKAR

missing baloch students