Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

شمالی وزیرستان میں فائرنگ سے محسن داوڑ زخمی، ڈی آئی خان میں ایڈیشنل ایس ایچ او شہید

جوابی فائرنگ سے 3 دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 دہشت گرد زخمی بھی ہوئے
اپ ڈیٹ 10 فروری 2024 10:50pm

شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں فائرنگ سے سابق رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ زخمی ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان کےعلاقے میرانشا میں محسن داوڑ کی قیادت میں نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ (این ڈی ایم) کے کارکنوں کی احتجاج کے دوران پولیس کے ساتھ جھڑپ ہوگئی۔

میرانشاہ قلعہ گیٹ کے سامنے این اے 40 شمالی ویرستان کے نتائج میں‌ تاخیر کے خلاف امیدواروں اور کارکنوں کا احتجاج جاری تھا کہ مبینہ طور پر کراس فائرنگ سے پولیس اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ محسن داوڑ سمیت 12 افراد زخمی ہوگئے۔

زخمیوں کو میران شاہ اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ پولیس کی جانب سے محسن داوڑ کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ محسن داوڑ حامیوں کے ہمراہ احتجاج کر رہے تھے۔

یاد رہے کہ امیدوارن گزشتہ 2 روز‌ سے RO آفس میں نتائج کے منتظر تھے اور آج بھی اسی سلسلے میں احتجاج جاری تھا کہ اچانک کشیدگی شروع ہو گئی۔

پولیس موبائل پر دہشتگردوں کا حملہ، ایڈیشنل ایس ایچ او شہید

دوسری جانب ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس موبائل پر دہشت گردوں کے حملے میں ایڈیشنل ایس ایچ او دین محمد شیرانی شہید جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے دراندازہ کے قریب پولیس موبائل پر حملہ کیا، اس دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایڈیشنل ایس ایچ او دین محمد شیرانی موقع پر شہید ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی، جہاں دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے میں جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 3 دہشت گرد موقع پر مارے گئے۔

واقعے کے کچھ دیر بعد دہشت گردوں اور پولیس پارٹی کے درمیان ایک بار پھر فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس موقع پر جائے وقوع کے قریب ہر قسم کی ٹریفک کو بند کردیا گیا تھا۔

فائرنگ کے نتیجے میں 2 دہشت گرد زخمی بھی ہوئے، دہشت گردوں نے فرار کی کوشش میں دستی بم کا بھی استعمال کیا۔

مزید پڑھیں

ڈیرہ اسماعیل خان میں انتخابی سیکیورٹی پر تعینات پولیس موبائل پر دھماکا، 4 اہلکار شہید

ٹانک میں مسلح افراد کا پولیس پر حملہ، ایس ایچ او سمیت 3 اہلکار شہید

وانا میں دھماکا

جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں آزاد امیدار زبیر وزیر کے گھر کے باہر دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

Dera Ismail Khan

DI Khan

police attack

Terrorists killed

additional sho martyred