Aaj News

جمعہ, دسمبر 27, 2024  
25 Jumada Al-Akhirah 1446  

ڈیرہ اسماعیل خان میں انتخابی سیکیورٹی پر تعینات پولیس موبائل پر دھماکا، 4 اہلکار شہید

گوادر اور تربت میں پولنگ کا آغاز ہوتے ہی دھماکے، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا
اپ ڈیٹ 08 فروری 2024 04:13pm

ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی میں انتخابات کے لیے سیکیورٹی پر تعینات پولیس موبائل پر دھماکے میں 4 اہلکار شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق نامعلوم دہشت گردوں کی جانب سے دھماکے کے بعد فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے، اس حوالے سے پولیس لائن سے بھاری نفری کو طلب کرلیا گیا ہے۔

تھانہ کلاچی کی حدود میں پولیس موبائل پر بم حملے میں 4 جوان شہید اور 6 زخمی ہو گئے ہیں، اطلاع ملتے ہی پولیس حکام بھی جائے وقوع پہنچ گئے۔

حملے کا نشانہ بننے والی پولیس موبائل گرہ اسلم پولنگ اسٹیشن کی سیکیورٹی پر تعینات تھی، جس میں سب انسپکٹر خانزادہ اور دیگر اہل کار سوار تھے۔

نامعلوم دہشت گردوں کی ان جانب سے حملے کے بعد اندھا دھند فائرنگ بھی کی گئی۔

واقعے کے بعد شہید اہل کاروں کی لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ سکیورٹی فورسز اور پولیس نے علاقے کی ناکابندی کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔

گوادر اور تربت میں پولنگ کا آغاز ہوتے ہی دھماکے، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا

گوادر کے علاقے پسنی میں عام انتخابات کے لیے پولنگ شروع ہونے سے قبل 2 پولنگ اسٹیشنز کے قریب دھماکے ہوئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

پولیس کے مطابق بلوچستان کے ضلع گوادر کے علاقے پسنی میں پولنگ شروع ہونے سے قبل 2 پولنگ اسٹیشنز کے قریب دھماکے سنے گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ پہلا دھماکا پراھگ محلہ وارڈ نمبر 7 میں ہوا، دوسرا دھماکا بنگلہ بازار وارڈ نمبر 1 میں پولنگ اسٹیشن کے قریب ہوا تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

تربت میں پولنگ کا آغاز ہوتے ہی مختلف علاقوں میں دھماکے

دوسری جانب بلوچستان کے شہر تربت میں پولنگ کا آغاز ہوتے ہی مختلف علاقوں میں دھماکوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

مزید پڑھیں

کوئٹہ: قلعہ سیف اللہ میں جے یوآئی کے دفتر کے باہر دھماکہ، 12 افراد جاں بحق

بلوچستان دھماکوں میں جاں بحق افراد کراچی سے ووٹ ڈالنے پہنچے تھے

ذرائع کے مطابق تربت میں گوگدان، آپسر، ڈنک سمیت کئی مقامات پر دھماکوں کی آوازیں سنی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکوں کے ذریعے پولنگ اسٹیشنز کو بھی نشانہ بنایا گیا تاہم کوئی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

بلوچستان میں لیویز کی گاڑی پر حملہ ، ایک اہلکار شہید

بلوچستان کے ضلع خاران میں لیویز کی گاڑی پر حملے میں ایک اہلکار شہید اور 5 زخمی ہوگئے۔

لیویز کی گاڑی کو پکتن کےعلاقےمیں نشانہ بنایا گیا۔

زخمی ہونے والے جوانوں کو فوری طبی امداد کے کیے اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔

firing

خیبر پختونخوا

KPK

Dera Ismail Khan

DI Khan

Election 2024

GENERAL ELECTION 2024