آج کے نتائج سے پتہ چلے گا کہ پچھلے انتخابات میں کتنا ظلم ہوا، خالد مقبول صدیقی
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ آج کے نتائج سے پتہ چلے گا کہ پچھلے انتخابات میں کتنا ظلم ہوا ۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کراچی رات بھر جاگتا رہا کہ صبح جاکر ووٹ دیں، لوگوں کو مشکلات ہیں، کئی جگہ پر دیر سے ووٹنگ شروع ہوئی، آج کے نتائج سے پتہ چلے گا پچھلی بار الیکشن میں کتنا ظلم ہوا۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اللہ نے 2018 کے جعلی انتخابات کے بعد سارے منصوبے کو ناکام کیا، پاکستان آئندہ 2018 والا الیکشن برداشت نہیں کرسکتا، پاکستان کے عوام کی رائے کا احترام کیا جائے، جہاں دیر سے پولنگ شروع ہوئی وہاں اتنا ہی وقت دیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام کے ساتھ بہت مذاق ہوگیا ہے، آپ 75سال میں عام پاکستانی کو پینے کا پانی، پرائمری اسکول کی تعلیم نہیں دے سکے، پاکستان جاگیر داروں اور ظالموں کے قبضے کے لیے نہیں بنا تھا، جاگیر داروں، موروثی سیاست سے پاکستان کو پاک کرنا ہوگا۔
ایم کیو ایم کے کنوینر کا کہنا تھا کہ آئین 23 کروڑ عوام کے بجائے 2300 خاندانوں کا نگہبان ثابت ہوا، سندھ کے شہری علاقوں سے 40 فیصد سیٹیں جیتیں گے، ایوان جتنا حق پرستوں سے سجے گا اتنا معتبر ہوگا۔
خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ اقتدار اور وسائل کو عام پاکستان کی دہلیز پر پہنچائیں گے، جب تک حکمرانی عوام کی نہ ہو، انتخابات غیر آئینی قراردے دیے جائیں، کراچی کی 16 قومی اسمبلی کی نشستوں پر کسی سے مقابلہ نہیں، ایم کیو ایم کی سیاست تو 35 سال سے ختم تھی صرف عبادت کررہی تھی۔
ایم کیو ایم ماضی میں چھینی گئی تمام سیٹیں واپس لے گی، فاروق ستار
دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینر فاروق ستار نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ کے تمام شہروں میں یہ الیکشن نہیں ریفرنڈم ہے، آج یہ سوال دم توڑ گیا الیکشن نہیں ہوں گے، خیر سے الیکشن ہورہے ہیں، اس ریفرنڈم میں ایم کیو ایم پاکستان ماضی میں چھینی گئی تمام سیٹیں واپس لے گی۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ یہ سیٹیں ماضی میں ایم کیو ایم سے چھینی گئی تھیں، ہم سے چھینی گئی سیٹوں پر جیتنے والے اور جتوانے والے دونوں پریشان تھے، الیکشن کمیشن پر انتخابات کو شفاف اور منصفانہ بنانے کئ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انٹر نیٹ اور فون بند ہونا تشویش کی بات ہے، اس سے ووٹرز پریشان ہوں گے، الیکشن کو متنازعہ بنایا جارہا ہے، الیکشن کمیشن کو اس کا نوٹس لینا چاہیئے۔
ایم کیو ایم کا فوری موبائل نیٹ ورک کی بحالی کا مطالبہ
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے ملک بھر میں فوری موبائل نیٹ ورک کی بحالی کا مطالبہ کردیا۔
ادھر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری بیان میں ایم کیو ایم پاکستام کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا کہ الیکشن کے روز موبائل نیٹ ورک بند ہونے سے ووٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی ایک سنجیدہ مسئلہ ہے، اللہ تعالیٰ پاکستان اور پاکستانیوں کی حفاظت فرمائے۔
Comments are closed on this story.