Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

عام انتخابات 2024: مختلف حلقوں میں پولنگ کا عمل تاخیر کا شکار

ملک بھر میں متعدد پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کا عمل شروع نہ ہوسکا
اپ ڈیٹ 08 فروری 2024 03:11pm

ملک بھر میں عام انتخابات 2024 کے لیے پولنگ کا وقت شروع ہونے کے باوجود مختلف شہروں کے پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ وقت پر شروع نہ ہوسکی۔

انٹرنیٹ کی بندش اور رابطوں میں مشکلات کے باعث ملک بھر میں متعدد پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کا عمل شروع نہ ہوسکا۔

کراچی کے حلقے این اے 235 میں ووٹنگ کا عمل سست روی کا شکار ہے، پولنگ اسٹیشن میں عملہ تو موجود ہے لیکن ووٹرزغائب ہیں۔

کراچی کے حلقے این اے 241 گزری میں عوام کو پولنگ کے عمل میں شکایات کا سامنا ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ پولنگ اسٹیشن میں بیلٹ پیپرز ہی نہیں ہیں۔

حیدرآباد میں پولنگ کا سامان تاحال تقسیم نہ ہو سکا، این اے 220 کے پولنگ اسٹاف کو اب تک انتخابی سامان نہیں دیا گیا۔

ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر طارق قریشی کا کہنا ہے کہ ریٹرننگ افسر (آر او) کے پاس سسٹم کے پاس ورڈ اور آئی ڈی ہوتی ہے، آر او کے لاگ ان کرنے کے بعد ہی سامان کی ترسیل شروع کی جا سکتی ہے۔

ٹھل میں پی ایس2 پر پولنگ کا عمل شروع نہیں ہوسکا، پولنگ اسٹیشن کی تیاریاں مکمل نہیں ہوسکے۔ گھوٹکی میں این اے 198 ڈھرکی کے پولنگ اسٹیشنزپرووٹنگ شروع نہ ہوسکی، گھوٹکی میں ایجنٹ نہ ہونے کے باعث پولنگ شروع نہیں ہوئی۔

اسلام آباد میں قومی اسمبلی کے این اے 48 شہزاد ٹاؤن کے پولنگ اسٹیشن پر پولنگ کے آغاز میں تاخیر ہوگئی، عملہ پولنگ کے انتظامات میں مصروف رہا جس کے باعث پولنگ کا آغاز 15منٹ تاخیر سے ہوا،شہزاد ٹاؤن کے پولنگ اسٹیشن کے باہر ووٹرز بڑی تعداد میں موجود رہی۔

کراچی کے حلقے این اے 250 کے پولنگ اسٹینشن نمبر 262 سے 265 پر بھی پولنگ وقت پر شروع نہ ہوسکی، پولنگ اسٹیشن نمبر 262 سے 265 میں پریزائیڈنگ افسر نہیں پہنچ سکے جبکہ پولنگ اسٹیشنز کے باہر ووٹرز کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔

پولنگ عملے کا کہنا ہے کہ موبائل فونز نیٹ ورک متاثر ہونے سے رابطوں میں مسائل کا سامنا ہے۔

رپورٹس کے مطابق کراچی کے حلقے این اے 246 اورنگی ٹاؤن کے پولنگ اسٹیشن نمبر 77 میں بھی پولنگ شروع نہ ہوسکی، اورنگی ٹاؤن سپر گرامر اسکول کے پولنگ اسٹیشن نمبر 77 میں نہ عملہ پہنچ سکا اور نہ ہی سامان پہنچ پایا ہے، پولنگ اسٹیشن پر سیکیورٹی اہلکار اور امیدواروں کے پولنگ ایجنٹ پہنچ گئے ہیں۔

کراچی کے حلقے این اے 243 میں پولنگ کا عمل شروع نہیں ہوسکا جبکہ شہری ووٹ ڈالنے کے منتظر ہیں، اسی طرح حلقہ این اے 238 اور صوبائی حلقے 102 میں بھی پولنگ اسٹیشن بند ہونے کے باعث پولنگ شروع نہ ہوسکی۔

جامشورو میں پولنگ کا وقت شروع ہونے کے باوجود جامشورو کے بیشتر پولنگ سٹیشن پر پولنگ کا عمل شروع نہ ہوسکا، ایک گھنٹہ گذرنے کے باوجود انتظامات مکمل نہ ہونے کے باعث پولنگ کا عمل شروع نہ ہو سکا۔

خیبرپختونخوا کے علاقے بونیر میں سرد موسم کے باعث مختلف پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ تاخیر کا شکار ہے، پولنگ اسٹیشن نمبر 109 گرلز ڈگری کالج ڈگر میں پولنگ ایجنٹ اور ووٹر نہیں پہنچ سکے۔

دوسری جانب میانوالی کے حلقہ این اے 90 میں بھی بیشتر پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ وقت پر شروع نہیں ہوئی۔ یہاں پریزائیڈنگ افسران کی جانب سے تاخیر سے الیکشن کا سامان ترتیب دیا گیا جبکہ موسم سرد ہونے کے باعث صبح کے وقت ووٹرز کی تعداد بھی کم رہی۔

سوات کے بالائی علاقوں کے کئی پولنگ اسٹیشنز پر بھی پولنگ کا عمل تاخیر کا شکار رہا۔ گبرال اور مٹلتان کے پولنگ اسٹیشنز پر انتخابی عملہ بروقت نہ پہنچ سکا۔

واضح رہے کہ عام انتخابات 2024 کے لیے پولنگ کا عمل آج صبح 8 بجے سے شروع ہوگیا،جو بلا رکاوٹ شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔

ملک بھر میں ووٹر قومی اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں پر اپنے پسندیدہ امیدواروں کو ووٹ کاسٹ کر سکیں گے۔

اسلام آباد

Polling Station

Election 2024

GENERAL ELECTION 2024

POLLING BOOTHS