8300 کیا لازمی ہے جو آج کے دن دیکھنا تھا؟ چیف الیکشن کمشنر
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا کہنا ہے کہ ملک میں سیکیورٹی کا معاملہ ہے تو الیکشن کمیشن کیسے فون نیٹ ورک کھلنے کی ہدایت دے سکتا ہے، الیکشن کمیشن تو پہلے کی طرح مضبوط ہے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 8300 کیا لازمی ہے جو آج کے دن دیکھنا تھا؟ الیکشن اسکیم جب جاری ہوئیں تھیں اس روز دیکھنا تھا، الیکشن کمیشن تو پہلے کی طرح مضبوط ہے۔
سکندر سلطان راجہ نے مزید کہا کہ ملک میں سیکیورٹی کا معاملہ ہے تو الیکشن کمیشن کیوں فون نیٹ ورک کھلنے کی ہدایت کرے، فون نیٹ ورک کی بحالی کے لیے حکومت سے رابطے میں ہیں، جب ممکن ہوگا انٹرنیٹ سروس بحال کردی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریٹرنگ افسران حد سے حد 9 فروری 2 بجے تک نتائج دیں گے۔
’الیکشن کمیشن وزارت داخلہ کو انٹرنیٹ سروسز کے حوالے سےکوئی ہدایات نہیں دے گا‘
اس سے قبل چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ الیکشن کمیشن پہنچے، جہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات ہوئے، امید ہے انتخابات کا عمل بخیریت و عافیت مکمل ہوگا۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینا وزارت داخلہ اور ایجنسیز کا کام ہے۔
سکندر سلطان راجہ کا مزید کہنا تھاکہ الیکشن کمیشن وزارت داخلہ کو انٹرنیٹ سروسز کے حوالے سے کوئی ہدایات نہیں دے گا، ہم کہیں موبائل سروس کھول دیں اور دہشت گردی کا کوئی واقعہ ہوجائے تو کون ذمہ دار ہوگا۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں موبائل فون سروس عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ امن و امان قائم رکھنے، ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات ضروری ہیں۔
مزید پڑھیں
1970 کے بعد ملکی تاریخ کے 12ویں عام انتخابات کیلئے پولنگ کا آغاز
Comments are closed on this story.