Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

پشین: پی بی 47 میں آزاد امیدوار کے دفتر کے قریب دھماکہ، 17 افراد جاں بحق

دھماکے میں 30 سے زائد افراد زخمی ہوئے
اپ ڈیٹ 07 فروری 2024 03:41pm

بلوچستان کے ضلع پشین میں حلقہ پی بی 47 میں سیاسی جماعت کے انتخابی دفترکے قریب دھماکے سے 17 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔

دھماکہ پی بی 47 سے آزاد امیدوار سیف اللہ کاکڑ کے دفتر کے قریب ہوا۔زخمیوں کو فوری طور پراسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے کچھ کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنیوالے اداروں نےعلاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ ابتدائی اطلاعات میں کہا جارہا تھا کہ دھماکہ خود کش ہے۔

کوئٹہ میں ایک پولیس اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ یہ دیسی ساختہ دھماکہ تھا اور آئی ای ڈی ایک موٹر سائیکل میں رکھی گئی تھی۔

حملہ کوئٹہ سے تقریبا 50 کلومیٹر (30 میل) اور افغانستان کی سرحد سے تقریبا 100 کلومیٹر دور ضلع میں ایک آزاد امیدوار کے دفتر کے قریب خانوزئی میں ہوا۔

ایم ایس سول اسپتال جو خانو زئی میں ہی موجود ہیں کے مطابق اب تک 17 شہادتیں ہوچکی ہیں جبکہ 30 سے زائد افراد زخمی ہیں۔

جہاں دھماکہ ہوا یہ علاقہ خاصا گنجان آباد ہے اور جس وقت دھماکہ ہوا، انتخابی فہرستوں کو حتمی شکل دی جا رہی تھی۔ انتخابی دفتر میں موجود افراد کچھ ہی دیر میں متعلقہ پولنگ اسٹیشنز کو روانہ ہونے والے تھے۔

نگراں وفاقی وزیرداخلہ نے قیمتی جانیں جانے پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرسے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

نگراں وزیرداخلہ کا کہنا ہے کہ بزدلانہ کارروائیوں سےدہشتگردی کےخلاف عزم متزلزل نہیں ہوگا، دشمن،ملک میں عدم استحکام پیدا کرنےکے درپے ہے لیکن ہم اتحاداوراتفاق سے دشمن کی سازش کو ناکام بنائیں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اس طرح کے حملے سے انتخابی عمل متاثر نہیں ہوگا۔

الیکشن کمیشن نے بھی واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری اور آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی۔

ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔

بلوچستان

quetta

Blast

Election 2024

GENERAL ELECTION 2024