Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایف آئی اے کو علیمہ خان کیخلاف کارروائی سے روک دیا

عدالت نے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا
شائع 06 فروری 2024 02:37pm

اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو آئندہ سماعت تک پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان کی بہن علیمہ خان کے خلاف کارروائی سے روک دیا اور ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتےہوئے جواب طلب کرلیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق نے ایف آئی اے نوٹسز کے خلاف علیمہ خان کی 2 درخواستوں پر سماعت کی، علیمہ خان کی جانب سے وکیل شیرازرانجھا ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے ایف آئی اے کو آئندہ سماعت تک علیمہ خان کے خلاف کارروائی سے روک دیا اور کیس کی مزید سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کردی گئی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پرجواب طلب کرلیا۔

ایف آئی اے سائبر کرائم اور انسداد دہشت گردی ونگ نے علیمہ خان کو الگ الگ نوٹسزجاری کیے تھے ۔

علیمہ خان نے ایف آئی اے طلبی کے دونوں نوٹس کو چیلنج کردیا

اس سے قبل سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان نے ایف آئی اے طلبی کے دونوں نوٹس کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل کا دو فروری کا نوٹس معطل کیا جائے جبکہ ایف آئی اے کو علیمہ خانم کے خلاف شواہد اور ریکارڈ فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔ عدالت ایف آئی اے نوٹس کو کالعدم قرار بھی دے۔

درخواست میں موقف دیا کہ ایف آئی اے نوٹس سوشل میڈیا پر دیکھا ہے جو تاحال درخواست گزار کو موصول نہیں ہوا، انکوائری کا متن یا شکایت آج دن تک علیمہ خانم کو فراہم نہیں کیا گیا۔ ایف آئی اے نوٹس کی آڑ میں درخواست گزار کو ہراساں کرنا اور انتقام کا نشانہ بنانا ہے، شفاف انداز میں انکوائری کی صورت میں علیمہ خانم شامل تفتیش ہونے کے لیے تیار ہیں جبکہ درخواست میں ایف آئی اے کو فریق بنایا گیا۔

ایف آئی اے کے مطابق علیمہ خان انکوائری کے لیے مقررہ وقت سے آدھ گھنٹہ اوپر گزر جانے کے باوجود ایف آئی اے ہیڈکوارٹر نہ پہنچیں جبکہ ایف آئی اے ہیڈکوارٹر کے انٹری رجسڑ پر علمیہ خان کا نام بھی موجود ہے۔

ایف آئی اے کاؤنٹر ٹیررازم ونگ اسلام آباد نے علیمہ خانم کو آج صبع 11 بجے طلب کر رکھا ہے، ایف آئی اے نے علیمہ خانم کو انکوائری نمبر 4/24 کے لیے 160سی آر پی سی کے تحت نوٹس کیا تھا۔

انکوائری سیکشن آفیسر پالیسی وزارت داخلہ کی شکایت پر درج کی گئی ہے۔ انکوائری ریاست مخالف نفرت انگیزی پھیلانے مجرمانہ سازش کرکے عوام و فوج میں تقسیم پیدا کرنے کے الزامات پر شروع کی گئی۔

نوٹس میں کہا گیا کہ پیش نہ ہونے کی صورت میں سمجھا جائے گا کہ صفائی میں کہنے کے لیے کچھ نہیں، ایسی صورت میں قانون کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

علیمہ خانم کو طلبی نوٹس 2 فروری کو لاہور میں انکی رہائش گاہ کے پتے پر ارسال کیا گیا تھا، علیمہ خانم کو ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ اسلام آباد نے بھی 3 فروری کو طلب کیا تھا تاہم وہ پیش نہیں ہوئی تھیں۔

pti

imran khan

Islamabad High Court

fia notice

Aleema Khan