Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

جلاؤ گھیراؤ کیس: یاسمین راشد سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد

انسداد دہشت گردی عدالت نے ملزمان کا ٹرائل جیل میں کرنے کا حکم دے دیا
شائع 06 فروری 2024 12:51pm

لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے جلاؤ گھیراؤ اور تھانہ شادمان کے مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کردی اور ملزمان کا ٹرائل جیل میں کرنے کا حکم دے دیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج محمد نوید اقبال نے 9 مئی کو راحت بیکری چوک میں پولیس کی گاڑیاں جلانے اور تھانہ شادمان کو نذر آتش کرنے کے مقدمات کی سماعت کی، عدالت کے حکم پر تمام ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید اور اعجاز چوہدری پر فرد جرم عائد کر دی۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے ملزمان کا جیل میں ٹرائل کرنے کا حکم دے دیا اور آئندہ سماعت پر گواہوں کو بھی طلب کرلیا۔

عدالت نے سماعت پر ملزمان کو فرد جرم عائد کرنے کے لیے طلب کر رکھا تھا جبکہ عدالت نے تمام ملزمان کو چالان کی نقول تقسیم کر رکھی ہیں۔

پراسیکیوشن نے تھانہ شادمان نزر آتش کیس کا چالان جمع کرا رکھا ہے، چالان میں بغاوت سمیت دیگر سنگین الزامات لگائے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ ملزمان کے خلاف تھانہ سرور روڈ اور شادمان پولیس نے مقدمات درج کر رکھے ہیں۔

گزشتہ برس نو مئی کو عمران خان کی گرفتاری کے خلاف ملک بھر میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے احتجاج اور مظاہرے کیے تھے۔ کئی شہروں میں ہجوم نے فوجی تنصیبات سمیت کئی سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا تھا۔ بعدازاں ملک بھر میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں سمیت کارکنوں پر جلاؤ گھیراؤ اور قومی تنصیبات کو نقصان پہنچانے کے مقدمات درج ہوئے تھے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد پر جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں ایسے موقع پر فردِ جرم عائد ہوئی ہے جب وہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 130 لاہور سے انتخاب بھی لڑ رہی ہیں۔ ان کا مقابلہ مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیرِ اعظم نواز شریف سے ہے۔

pti

ATC

Yasmeen Rashid

Yasmin Rashid

mehmood ur rasheed

atc lahore

MAY 9 RIOTS

9 May Cases

ijaz chaudhry