Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

آئی ایم ایف معاہدہ ہم نے نہیں کیا، کہیں غلط ہوں تو علمائے کرام اصلاح کریں، راناثناء

پاکستان مشکلات میں گھرا ہے، فیصل آباد میں زاہد محمود قاسمی کے ہمراہ پریس کانفرنس
شائع 05 فروری 2024 02:07pm

رہنما ن لیگ اورسابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اس وقت انتہائی مشکل حالات سے گزر رہا ہے۔ ہماری حکومت ختم کرکے ترقی کا سفرروکاگیا، ہم کہیں غلط ہوں توعلما کرام اصلاح کریں۔

فیصل آباد میں زاہد محمود قاسمی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مولانا زاہد محمود قاسمی نے ن لیگ کی حمایت کا اعلان کیا ہے، مرکزی علماء کونسل کی صوبائی قیادت کا شکر گزار ہوں، مرکزی علماء کونسل دینی مشن پرعمل پیرا ہے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ 2017میں پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن تھا لیکن اب مہنگائی نے پورے ملک کو جکڑا ہوا ہے۔مسلم لیگ (ن) الیکشن جیت کر ملک کو مشکلات سے نکالے گی، قوم اعتبارکرے، ہم مہنگائی کے طوفان سے نکالیں گے۔

لیگی رہنما کے مطابق اس وقت آئی ایم ایف سے جو معاہدہ ہے وہ ہم نے نہیں کیا، ایک نمونہ اس ملک پر مسلط ہوا یہ معاہدہ اسی نے کیا ہے، اس معاہدے میں درج ہے آپ تمام سبسڈی ختم کریں گے، اس میں لکھا ہے معاہدے کے تحت حکومت سبسڈی نہیں دے سکتی۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہم کہیں غلط ہوں تو علمائے کرام ہماری اصلاح کریں، ختم نبوتﷺ کو اپنے ایمان کا حصہ سمجھتے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ 2017 میں پاکستان ترقی کی راہ پر چل پڑا تھا، اگلے 3،2 سال مل جاتے تو پاکستان ترقی کرچکا ہوتا، دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ مہنگائی سے بڑھ کرعذاب تھا، قوم ہم پر اعتبار کرے ن لیگ مہنگائی سے نکالے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف کی قیادت میں مہنگائی کو ختم کریں گے، ہم نے ماضی میں لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی پر بھی قابو پایا ہے، ن لیگ 8 فروری کے بعد حکومت بناکر ترقی کا سفر دوبارہ شروع کرے گی، 9 فروری سے ترقی کا سفر دوبارہ شروع ہوگا۔

PMLN

Rana Sanaullah

Election 2024

GENERAL ELECTION 2024