Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

اقتدار میں آکر پھر ترقی کا سفرشروع کریں گے، نواز شریف

ہم سی پیک کے ذریعے 60 ارب کی سرمایہ کاری لائے، یہ دھرنا دے رہےتھے، قائد ن لیگ
شائع 03 فروری 2024 05:45pm
فوٹو۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔ اسکرین گریب

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ اقتدار میں آکر ایک بار پھر ترقی کا سفر شروع کریں گے، ہم سی پیک کے ذریعے 60 ارب روپے کی سرمایہ کاری لائے۔ مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ ن 8 فروری کے انتخابات میں کامیاب ہوگی۔ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ 8 فروری کو ہیر پھیر پر نہیں شیر پر مہر لگانی ہے، گوجرانوالا میں ارفع کریم یونیورسٹی بنائیں گے۔

گوجرانوالا میں جلسے سے خطاب میں نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کی اصل یوتھ ہمارے ساتھ ہے، بڑے کا ادب اور چھوٹوں کا خیال کرنے والی اصل یوتھ ہے۔

انھوں نے کہا کہ نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، میرے دور میں کرپشن کم ہوئی تھی۔

قائد ن لیگ کا کہنا تھا کہ ہم نے ملک سے لوڈشیڈنگ ختم کی، ہمارے دور میں غربت بھی کم ہورہی تھی، ہمارے دور میں پاکستان ترقی کررہا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا، ہم سی پیک لارہے تھے اور یہ دھرنے دے رہے تھے، ہم سی پیک کے ذریعے 60 ارب روپے کی سرمایہ کاری لائے، یہ دھرنا دے رہے تھے اور ہم ترقیاتی کام کروا رہے تھے۔

انھوں نے کہا کہ شہبازشریف نے کام کیے اور نام میرا لے رہے ہیں، موٹروے شہبازشریف بنوا رہے تھے، بجلی کے کارخانے بھی شہبازشریف نے لگوائے ہیں۔

مریم نواز کا خطاب

جلسے سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ ن 8 فروری کے انتخابات میں کامیاب ہوگی، گوجرانوالا کی 20 کی 20 نشستیں ن لیگ جیتے گی۔

انھوں نے کہا کہ وائرل بیماری کا اب خاتمہ ہوچکا ہے، گوجرانوالا کےعوام نے وائرل بیماری کو بھگا دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف عوام سے جھوٹے وعدے نہیں کرتا، قائد ن لیگ چوتھی بارملک کے وزیراعظم بنیں گے اور گھر بناکر دینے کا وعدہ پورا کریں گے۔

گوجرانوالا میں ارفع کریم یونیورسٹی بنائیں، شہباز شریف

شہباز شریف نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ نواز دور میں 15 ہزار میگاواٹ بجلی کے منصوبے لگے، ن لیگ کے دور میں پورے ملک میں ترقی کے منصوبے لگے۔

انھوں نے کہا کہ نواز شریف نے کرپشن پر کاری ضرب لگائی، نوازشریف دور میں کرپشن کی شرح نیچے آئی۔

ان کا کہنا تھا کہ گوجرانوالا کے ہزاروں بچوں کو لیپ ٹاپ دیئے گئے، نوازشریف کو موقع ملا تو پھر لیپ ٹاپ تقسیم ہوں گے۔

صدر ن لیگ نے کہا کہ 8 فروری کو ہیر پھیر پر نہیں شیر پر مہر لگانی ہے، گوجرانوالا میں ارفع کریم یونیورسٹی بنائیں گے۔

Nawaz Sharif

imran khan

Bilawal Bhutto Zardari

Pakistan Politics

Election 2024

انتخابات 2024

GENERAL ELECTION 2024