Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

یہ شیر نہیں بلی ہے، ہم اس بلی کا بندوبست کرتے ہیں، بلاول

یہ آپ سے ووٹ لے کر لاہور اور رائے ونڈ کی خدمت کریں گے، چیئرمین پیپلزپارٹی
اپ ڈیٹ 03 فروری 2024 07:56pm
فوٹو ۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو ۔۔۔ اسکرین گریب

پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ میاں صاحب کو عوام کی فکر نہیں، بس کرسی پر بیٹھنا ہے، وہ جانتے ہیں جنوبی پنجاب ان کے ہاتھ سے نکل رہا ہے۔

میرپورخاص میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ خیبرپختونخوا، بلوچستان اور پنجاب کا انتخابی دورہ کیا، آج میرپور خاص میں اپنے بہن بھائیوں کےساتھ ہوں، بارش کے باوجود میرپورخاص کےعوام موجود ہیں، میرپورخاص کےعوام کو سلام پیش کرتا ہوں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ میرپورخاص ہمیشہ پی پی کے ساتھ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک شخص خود کو ملک پر چوتھی بار مسلط کرنا چاہتا ہے، میاں صاحب کو عوام کی فکر نہیں بس کرسی پر بیٹھنا ہے۔

بلاول نے کہا کہ دیگر سیاسی جماعتیں نفرت کی سیاست کر رہی ہیں، عوام نفرت اورتقسیم کی سیاست سےتنگ آچکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کو تقسیم کرنے والوں کو 8 فروری کو جواب دیں گے، آج بارش ہورہی ہے، 8 فروری کو تیروں کی بارش ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف سندھ کے عوام سے خوفزدہ ہیں، نواز شریف سندھ میں ایک جلسہ بھی نہیں کرسکے، وہ میرپورخاص کے ووٹ پر ڈاکا ڈالنا چاہتے ہیں، یہ ایسی دھاندلی چاہتے ہیں جیسی 2018 میں ہوئی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ کیا آپ بزدل کا ساتھ دیں گے؟

بلاول بھٹو نے کہا کہ پی پی کے جیالے آمروں کا مقابلہ کرتے آرہے ہیں، یہ شیر نہیں یہ بلی ہیں، ہم بلی کا بندوبست کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار کراچی اور حیدرآباد کے میئر جیالے ہیں، ایم کیوایم سے یہ بات ہضم نہیں ہورہی، ایم کیو ایم تشدد کی سیاست کر رہی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ میرے کارکن پرآنچ بھی آئی تو میں خود حساب لوں گا، میری دھرتی کی تقسیم میں ملوث افراد سے کہتا ہوں ہوش کے ناخن لیں۔

نواز اور سہولت کار سندھ میں ستارے کے نشان پر الیکشن لڑرہے ہیں، بلاول

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نوازشریف اور سہولت کار سندھ میں ستارے کے نشان پر الیکشن لڑ رہے ہیں، ستارے صرف رات میں اچھے لگتےہیں دن میں نہیں۔

چھاچھرو میں جلسے سے خطاب میں بلاول نے کہا کہ نوازشریف نے سندھ پر کبھی توجہ نہیں دی، یہ آپ سے ووٹ لے کر لاہور اور رائے ونڈ کی خدمت کریں گے، جب کہ میرے امیدوار کامیاب ہو کر اپنے علاقے کی خدمت کریں گے۔

نواز شریف کا نام لیے بغیر بلاول نے مزید کہا کہ ایک شخص اپنے آپ کو چوتھی بار وزیراعطم مسلط کرنے کی کوشش کررہا ہے، وہ شخص غلط بیانی کررہا ہے، کہتا ہے تھرکول کا معاہدہ اس نے کرایا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ تھر کے عوام سے پوچھتا ہوں تھرکول کا منصوبہ کس نے دیا، اگر تھرکول کا منصوبہ میاں صاحب کا ہوتا وہ آج تھرمیں جلسہ کررہے ہوتے، ان کی کوشش ہے حکومت بنا کر تھرکی معدنیات بیچیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 8 فروری کے بعد اس منصوبے میں مزید کام ہوگا، کراچی سے تھر تک ٹرین کا بندوبست کریں گے، ہم نے یہاں سڑکیں اور اسلام کوٹ میں ایئرپورٹ بنا کردیا، اگلی بار آپ ٹرین میں سفر کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ آج بارش ہورہی ہے، اور 8 فروری کو تیروں کی بارش ہوگی۔ حکومت میں آکر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اضافہ کروں گا، مزدوروں کیلئے بھی بےنظیرمزدور کارڈ لایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ موقع ملا تو سندھ کے ہاریوں کیلئے ہاری کارڈ لاؤں گا، کسانوں اور مزدوروں کو محنت کا صلہ دلوائیں گے، خواتین کو بلاسود قرض دیئے جائیں گے۔

بلاول نے کہا کہ بےروزگار نوجوانوں کیلئے یوتھ کارڈ بنا کردوں گا، اقتدار ملا تو ہم بھوک مٹاؤ پروگرام شروع کریں گے، اور پاکستان میں 30 لاکھ گھر بنائیں گے۔

Nawaz Sharif

Pakistan Politics

Election 2024

انتخابات 2024

GENERAL ELECTION 2024