Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

الیکشن کمیشن سندھ کے دفتر کے باہر دھماکے کی رپورٹ تیار، واقعے کا مقدمہ درج

دہشت گردوں نے آئی ای ڈی ٹائم ڈیوائس نصب کی تھی، بم ڈسپوزل اسکواڈ رپورٹ
شائع 03 فروری 2024 01:09pm

الیکشن کمیشن سندھ کے دفتر کے باہر دھماکے کی رپورٹ بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ایس) نے تیار کرلی جبکہ واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

کراچی کے علاقے صدر میں صوبائی الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر دھماکے کی بم ڈسپوزل اسکواڈ نے رپورٹ تیار کرلی، رپورٹ میں دھماکا پرامن الیکشن کے انعقاد کو سبوتاژ کرنے کی سازش قرار دیا گیا ہے۔

بم ڈسپوزل سکواڈ کی رپورٹ کے مطابق دھماکا خیز مواد میں آئی ای ڈی ٹائم ڈیوائس نصب کی گئی تھی، دھماکے کے ذریعے معصوم شہریوں کو نقصان پہنچانا تھا، خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

رپورٹ کے مطابق ڈی آئی جی ساؤتھ آفس سے دھماکے کی اطلاع موصول ہوئی تھی، اطلاع ملتے ہی بم ڈسپوزل اسکواڈ کے انچارج ٹیم کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے اور 100 کلو میٹر کے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچنگ کی گئی۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ پولیس کو میکینکل ٹائمر 15 انچ لمبے 2 تاروں کے ساتھ تباہ شدہ حالت میں ملا اور جائے وقوعہ سے 12 وولٹ کی بیٹری تباہ شدہ حالت میں ملی جسے سلور رنگ کے ٹیپ کے ساتھ لپیٹا گیا تھا، جائے وقوعہ سے بال بیرنگ یا کوئی اور چیز نہیں ملی، دھماکے کی آواز ایک سے 2 کلو میٹر تک سنائی دی گئی، دھماکے کے باعث 4 سے 5 میٹر تک نقصان ہوا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ دھماکا خیز مواد شاپر میں تھا، دھماکے میں 400 گرام ہوم میڈ مواد استعمال کیا گیا جبکہ دھماکا خیز مواد ایف ایس ایل کے لئے لیبارٹری بیجھا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن سندھ کے دفتر کے باہر بم دھماکے کا مقدمہ درج

دوسری جانب کراچی میں الیکشن کمیشن سندھ کے دفتر کے باہر بم دھماکے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں انسداد دہشت گردی اور ایکسپلوزیو ایکٹ کے تحت پریڈی تھانے میں درج کرلیا گیا۔

مقدمے کے متن کے مطابق دھماکا گزشتہ رات 10 بجے کے قریب ہوا، ہائیکورٹ کے قریب گشت پر موجود تھا کہ دھماکے کی آواز سنی، الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر دھواں اٹھ رہا تھا اور بھگدڑ مچی ہوئی تھی۔

مقدمے متن میں کہا گیا کہ دھماکے میں 400 گرام بارودی مواد، 12 وولٹ بیٹری، ڈیٹونیٹر اور ٹائم ڈیوائس کا استعمال ہوا، دھماکے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم ایس آر اے نے قبول کی، عینی شاہدین نے ملزم کو مواد الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر رکھتے دیکھا۔

پولیس کے مطابق نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے، صوبائی الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے جبکہ دھماکے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم ایس آر اے نے قبول کی۔

ECP

karachi

Blast

Election Commission Sindh

Election Commission of Pakistan (ECP)

Election 2024

GENERAL ELECTION 2024