Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

عام انتخابات: سندھ اور اسلام آباد کیلئے سکیورٹی پلان تیار

ڈی جی رینجرز سندھ کی زیرِصدارت اہم اجلاس

ملک بھر میں عام انتخابات کے پیشِ نظر سندھ اور اسلام آباد بھر کے لیے سیکیورٹی پلان تیار کرلیا گیا ہے۔

ڈی جی رینجرز سندھ کی زیرِصدارت اجلاس میں آئی جی اسپیشل، صوبائی الیکشن کمشنر، ایڈیشنل آئی جی کراچی اور دیگر حساس اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں نے صوبے بھر میں جنرل الیکشن کے دوران سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ اور لائحہ عمل کی منظوری دی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رینجرز اور پولیس کی جانب سے جنرل الیکشن کے دوران مشترکہ فلیگ مارچ اوراسنیپ چیکنگ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

داخلی و خارجی راستوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا، سندھ رینجرز کے دستے بطور کوئیک رسپانس فورس ایریا میں تعینات رہیں گے۔

اجلاس میں اِس بات پر زور دیا گیا کہ جنرل الیکشن کے حوالے سے صوبائی حکومت اور الیکشن کمیشن کی طرف سے دیے گئے احکامات کی روشنی میں مروجہ قوانین اورضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کو ہر ممکن طور پر یقینی بنایا جائے گا اور اس کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف سخت تادیبی کاروائی کی جائے گی۔

اس کے علاوہ عام انتخابات میں فول پروف سکیورٹی کے لیے 625 اہلکاروں کی اضافی نفری کراچی پولیس چیف کے سپرد کی گئی ہے۔

کرائم، ویلفیئر، ٹریننگ، لیگل، آئی ٹی ونگ سمیت 22 شعبوں کے 500 اہلکار انتخابات میں ڈیوٹی دیں گے، 100 معاون اور نائب قاصد اہلکار انتخابات میں پہرے داری پر مامور ہوں گے۔

تمام برانچز کو حکم دیا گیا ہے کہ پولیس چیف کراچی کو اہلکاروں کی فہرست ارسال کریں، اضافی عملہ پولنگ سے 24 گھنٹے پہلے پولیس چیف آفس رپورٹ کرے گا، ٹرانسپورٹیشن، کھانا سمیت دیگر انتظامات پولیس چیف کراچی کے ذمہ ہوں گے۔

آئی ٹی کیڈر کے دیگر 25 اہلکار 8 فروری کو اے آئی جی کراچی کے حکم کے منتظر ہونگے، تمام برانچز کے سربراہان ایڈیشنل آئی جی کراچی کو مہیا کیے جانے والے اہلکاروں کے ناموں کی فہرست فوری ارسال کریں۔

اسلام آباد کا بھی سکیورٹی پلان تیار

عام انتخابات کے دوران اسلام آباد کے لئے سیکورٹی پلان کی بھی منظوری دیدی گئی ہے، سیکورٹی پلان کے مطابق پاک آرمی، پاکستان رینجرز، حساس ادارے اور پولیس مل کر سیکورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔

الیکشن کے حوالے سے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں تمام ریٹرننگ افسران، پولیس اور حساس اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں ایس ایس پی آپریشنز اور دوران انتخابات ڈیوٹی پر مامور پاک آرمی کے کمانڈنگ افسران بھی شریک ہوئے جس میں الیکشن ڈے اور اس سے قبل ممکنہ تھریٹس کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں تمام حساس پولنگ سٹیشنز کے سیکورٹی انتظامات پر بریفنگ دی گئی اور عام انتخابات کے حوالے سے سیکورٹی پلان کی منظوری دی گئی۔

karachi

اسلام آباد

sindh

security plan

Election 2024

GENERAL ELECTION 2024

Election Feb 1 2024