خیبرپختونخوا کے لوگ جال میں پھنسے اور دوسروں کو بھی پھنسایا، نواز شریف
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے لوگ ایک شخص کے جال میں پھنس گئے، نیا پاکستان کرتے کرتے پرانا پاکستان بھی تباہ کردیا، عوام کے جذبات سے کھیلا گیا، بتاؤ عوام سے جھوٹے وعدے کیوں کیے تھے؟ حساب دینا ہوگا، مجھے یا شہبازشریف کو موقع ملتا تو کے پی سب سے خوبصورت صوبہ ہوتا، جن کو آپ آزما چکے ہیں ان کو آزمانا ٹھیک نہیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) آج سوات میں پاور شو کر رہی ہے، جہاں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگ کے قائد نواز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا والو ایک شخص جو یہاں سے ایکسپورٹ ہوا آپ اس کے جال میں پھنسے ہیں۔ اس نے آپ سے جھوٹے وعدے کیے، آپ کو ایک کروڑ نوکریاں دینا، 50 لاکھ گھربنا کر دینا، 300 ڈیم بنانا اور ایک ارب درخت لگانے کا وعدہ کیا، دل سے بتاؤ کہ ان میں سے کوئی ایک وعدہ بھی پورا ہوا ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ یہاں ہزاروں کا مجمع ہے جس میں نوجوان ہی نوجوان دکھائی دے رہے ہیں، ان سے پوچھتا ہوں کہ کیا آپ کو 50 لاکھ گھروں میں سے کوئی ایک گھر ملا ہے؟ خیبرپختونخوا والو آپ کو سوچنا چاہیے تھا آپ کیوں اس شخص کے دھوکے میں آئے؟
مسلم لیگ ن کے قائد کا کہنا تھا کہ آپ کو پوچھنا چاہیے تھا کہ عوام سے جھوٹے وعدے کیوں کیے گئے، خیبرپختونخوا کے لوگ تو بڑے سیدھے سادے اور پیار کرنے والے ہیں، ان کو کیوں دھوکا دیا گیا ان کے جزبات سے کیوں کھیلا گیا، آپ لوگ ایک بندے کے جال میں پھنسے ہیں نیا پاکستان تلاش کرتے کرتے آپ نے پرانا پاکستان بھی تباہ کر دیا ہے۔
سابق وزیر اعظم نے مزید کہا کہ نواز شریف تو آپ کی خدمت کر رہا تھا، آج بجلی کی صورت حال دیکھیں جہاں ایک ہزار بل آتا تھا اب 20 ہزار آتا ہے۔ پوچھنا چاہتا ہوں یہاں کونسا نیا منصوبہ آیا ہے، نواز شریف نے تو لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا تھا۔ لیکن آپ لوگ تو ایک ایسے شخص کے پیچھے لگ گئے جس نے پاکستان کا یہ حال کر دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ہر چیز مہنگی ہوگئی ہے، معیشت کا برا حال ہے، کام کرنے کے بجائے صرف انتقامی سیاست اور سازشیں کی گئی ہیں، آپ سے پوچھتا ہوں کہ نواز شریف کا دور اچھا تھا یا یہ دور اچھا ہے؟ میں نے تو ہمیشہ سچ بولا ہے، آئندہ بھی سچ بولوں گا۔ جھوٹ بول کر ووٹ نہیں لینا چاہتا ہوں، اپنی عاقبت خراب نہیں کروں گا۔
نواز شریف نے کہا کہ آپ نے ایسے شخص کو چنا جس نے آپ کو بھی پھنسایا اور ملک کو بھی پھنسا دیا، آپ سے یہی گزارش کرنے آیا ہوں کہ جن کو پہلے آزمایا ہوا ہے ان کو بار بار آزمانہ ٹھیک نہیں ہے۔ میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ جو جو منصوبے یہاں لگائے تھے ان کو میں خود آکر مکمل کرواؤں گا۔
عمران خان کے بچوں کا مقدر لندن تو پختونخوا کے بچوں کا مقدر جیل کیوں؟ مریم نواز
پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کے بچوں کا مقدر اگر لندن ہے تو پھر پختونخوا کے بچوں کا مقدر جیل کیوں ہے؟
عام انتخابات کے سلسلے میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ سازشیں کرنے والے ہمیشہ نہیں رہتے۔ آج نواز شریف نے آپ کو ان لوگوں کے تمام جھوٹ گنوائے جنہوں نے یہاں 10 سال تک حکومت کی ہے۔انہوں نے اتنے جھوٹ بولے کہ جن موکلوں اور جنوں کے سر پر حکومت کررہے تھے، آج وہ موکل اور جن بھی انہیں چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ جس نے لوگوں کو چور چور کہا، آج وہ خود پاکستان کا سب سے بڑا چور ثابت ہوگیا۔ جس نے لوگوں پر چوری کے جھوٹے الزام لگائے، آج وہ بھی چور نکلا اس کا خاندان بھی چور نکلا۔ مگر میں نواز شریف کی بیٹی ہوں، میں کسی کی تکلیف اور دکھ پر خوشی نہیں منا سکتی۔ میں کسی کی گرفتاری یا آزمائش پر خوش نہیں ہوتی۔
لیگی رہنما نے مزید کہا کہ میں جب اپنی ماں کو چھوڑ کر نواز شریف کے ساتھ گرفتاری دینے کے لیے اڈیالہ جیل آئی تھی تو مجھے بھی آفر ہوئی تھی کہ میں اڈیالہ کے بجائے سہالہ ریسٹ ہاؤس شفٹ کردی جاؤں، مجھے کہا گیا کہ آپ کاغذ پر لکھ کر دے دیں کہ مجھے بی کلاس دی جائے تو ہم آپ کو بی کلاس فراہم کردیں گے، مگر میں نے منع کردیا اور کہا کہ جیل جاؤں گی تو نواز شریف کے ساتھ جاؤں گی۔ کسی ریسٹ ہاؤس میں نہیں جاؤں گی۔ میں نے کہا کہ مجھے ریسٹ ہاؤس نہیں چاہیے، میں عام قیدیوں کی طرح جیل میں رہوں گی۔
مریم نواز نے جلسے کے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ سے چند سوال کرنا چاہتی ہوں۔ نوجوان مجھے بتائیں کہ کیا جلاؤ گھیراؤ، مار دو، مر جاؤ، آگ لگادو، یہی سب کچھ خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کا مقدر ہے؟ آپ کو لیپ ٹاپس چاہییں یا پیٹرول بم؟۔ آپ کو تعلیمی ادارے، اسکالر شپس چاہییں یا پھر کیلوں والے ڈنڈے چاہییں؟۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر جلاؤ گھیراؤ آپ (عمران خان) کے لندن میں بیٹھے ہوئے بچوں کا مقدر نہیں ہے تو پھر خیبر پختونخوا کے بچوں کا مقدر یہ کیسے ہو سکتا ہے؟۔ اگر آپ (عمران خان) کے بچے محفوظ مقام پر لندن میں بیٹھے ہیں تو پھر پاکستان کے نوجوان آپ کے ورغلانے پر سلاخوں کے پیچھے کیوں پڑے ہیں؟
مریم نواز نے کہا کہ میں پوچھتی ہوں کہ آپ کے ورغلانے کی وجہ سے آپ کی خواتین کارکنان 9 مئی کو ریاست پر حملہ کرنے پر سلاخوں کے پیچھے ہیں، تو ایک خاتون جس نے چوری کی ہے وہ آج بنی گالہ کے محل میں قید کیوں ہے؟ وہ باقی عوام کی طرح جیل کی سلاخوں کے پیچھے کیوں نہیں ہے؟
انہوں نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 8 فروری کو ووٹ کی پرچی کو محض پرچی نہ سمجھیں بلکہ اس سے آپ کے مستقبل کا فیصلہ ہونا ہے۔ نواز شریف اور مریم نواز خیبر پختونخوا کو ترقی کرتا دیکھنا چاہتے ہیں۔
Comments are closed on this story.