Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

الیکشن کمیشن نے چند حلقوں میں انتخابات ملتوی کرنے کا عندیہ دے دیا

بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر الیکشن کمیشن کا ہنگامی اجلاس طلب
اپ ڈیٹ 31 جنوری 2024 06:57pm

الیکشن کمیشن نے سیکیورٹی کاغذ دستیاب نہ ہونے کی صورت میں چند حلقوں میں انتخابات ملتوی کرنے کا عندیہ دے دیا، ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق عدالتی فیصلوں کے باعث کئی حلقوں میں بیلٹ پیپرزکی چھپائی دوبارہ کرنا پڑ رہی ہے، سیکیورٹی کاغذ کی دستیابی اور بروقت چھپائی بڑا چیلنج ہے۔ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے کل اسلام آباد میں اجلاس طلب کرلیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق اسلام آباد میں بیلٹ پیپر کی دوبارہ چھپائی کے معاملے پر الیکشن کمیشن میں اجلاس ہوا۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے بتایا کہ اجلاس میں غور و خوض کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ جن حلقوں میں بیلٹ پیپر کی دوبارہ چھپائی کرانا پڑ رہی ہے، وہاں پر چھپائی کے سلسلے کو ملک کے دیگر حلقوں کے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا تاہم بیلٹ پیپرز کی دوبارہ چھپائی خصوصی سیکیورٹی کاغذ اور وقت کی دستیابی پر منحصرہو گی۔

الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ اگر خصوصی سیکیورٹی کاغذ مطلوبہ مقدار میں دستیاب نہ ہوا تو کمیشن کے پاس ان حلقوں میں انتخابات موخر کرنے کے علاوہ کوئی اور چارہ نہیں رہے گا۔

اجلاس میں اس امر پر غور کیا گیا کہ ایسے وقت جب کہ انتخابات کے لیے بیلٹ پیپرز کی طباعت مکمل کی جا رہی ہے، کچھ حلقوں میں دوبارہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کرانا پڑرہی ہے جس کے لیے اس مرحلہ پر درکار خصوصی سیکیورٹی کاغذ کی دستیابی اور بروقت چھپائی کی تکمیل ایک بڑا چیلنج بن گیا ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ اجلاس میں بتایا گیا کہ 2018 کے عام انتخابات میں بیلٹ پیپرز کی طباعت کے لیے 800 ٹن خصوصی سیکیورٹی کاغذ استعمال ہوا تھا۔

اس میں کہا گیا کہ 2024 میں حصہ لینے والے امیدواروں کی کثیر تعداد کے پیش نظر لگ بھگ 2400 ٹن خصوصی سیکیورٹی کاغذ کی ضرورت پڑی تاہم کمیشن نے صورت حال کی سنگینی کے باعث بیلٹ پیپر کے سائز کو کم کرنے کا فیصلہ کیا جس سے خصوصی سیکیورٹی کاغذ کی ضرورت 2170 ٹن رہ گئی۔

ترجمان نے کہاکہ یہ مقدار محض ایک دفعہ بیلٹ پیپر کی چھپائی کے لیے بمشکل کافی ہے۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ اس صورت حال میں کچھ حلقوں میں بیلٹ پیپرز کی دوبارہ چھپائی کا بڑھتا ہوا سلسلہ اور اس مقصد کے لیے درکار خصوصی سیکیورٹی کاغذ کی اس مرحلہ پر بروقت دستیابی اور چھپائی ایک بڑا چیلنج بن کر سامنے آئی ہے۔

مزید پڑھیں

بیلٹ پیپرز کی بحفاظت نقل و حمل یقینی بنانے کیلئے الیکشن کمیشن کا پلان سامنے آگیا

الیکشن کمیشن کا عام انتخابات کیلئے اب تک کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار

امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر الیکشن کمیشن کا اجلاس طلب

دوسری جانب عام انتخابات 2024 کے موقع پر بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر الیکشن کمیشن نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔

الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس کل بروز جمعرات دن 3 بجے ہوگا، جس میں وزیر داخلہ، سیکرٹری داخلہ اور چیف سیکرٹریز بلوچستان خیبرپختونخوا طلب کیے گئے۔

اس کے علاوہ بلوچستان اورخیبرپختونخوا کے آئی جیز کے علاوہ پولیس اور حساس اداروں کے حکام بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔

اجلاس میں الیکشن کمیشن کوآئندہ انتخابات میں امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی۔

ECP

اسلام آباد

Election Commission of Pakistan (ECP)

Election 2024

GENERAL ELECTION 2024

ballot papers

Election Jan 31 2024