Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

’ایک اور دن گزر گیا‘ بلاول کی ایک بار پھر نواز شریف کو مناظرے کی دعوت

بلاول بھٹو زرداری نے ایک بار پھر مناظرے سے متعلق ٹوئیٹ کردیا
شائع 30 جنوری 2024 09:58pm
فوٹو ۔۔۔ فائل
فوٹو ۔۔۔ فائل

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایک بار پھر مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کو مناظرے کی دعوت یاد دلاتے ہوئے کہا ہے کہ ایک اور دن گز گیا۔

ملک میں الیکشن کی گہما گہمی عروج پر ہے اور سیاسی جماعتیں بھرپور انتخابی مہم چلانے میں مصروف ہیں۔

انتخابی مہم میں سیاسی قائدین اپنی سابقہ کارکردگی اور مستقبل کا منشور بتا کر عوام کو اپنے حق میں ووٹ دینے کے لئے قائل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

ایسے میں چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے تیروں کا رُخ شیر کی جانب کررکھا ہے یعنی وہ انتخابی جلسوں میں پاکستان مسلم لیگ اور اس کی قیادت پر کھل کر تنقید کرتے نظر آتے ہیں۔

گزشتہ دنوں بلاول نے قائد ن لیگ کو مناظرے کا چیلنج دیا تھا جس کے بعد شہباز شریف نے اس کا جواب دیا تھا، اور اس کے بعد چیئرمین پیپلزپارٹی نے پھر جواب دیتے ہوئے جگہ کا انتخاب بھی کیا۔

آج بروز منگل بلاول بھٹو زرداری نے ایک بار پھر مناظرے سے متعلق ٹوئیٹ کیا۔

بلاول نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ”ایکس“ پر لکھا کہ ایک اور دن گزر گیا اور نواز شریف نے 8 فروری کے انتخابات سے قبل وزیر اعظم کے امیدواروں کے ساتھ براہ راست مباحثے کی دعوت ابھی تک قبول نہیں کی۔ لگتا ہے کہ ان میں مجھ سے مباحثہ کرنے کی ہمت ہی نہیں ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کو 8 فروری سے قبل مناظرے کی دعوت دیتے ہوئے کہا تھا کہ نوازشریف جہاں چاہیں مناظرے کے لیے تیار ہوں، دنیا بھر کے امیدوار ٹی وی پر مناظرہ کرتے ہیں۔

27 جنوری کو بلاول کے مناظرے کی دعوت پر صدر ن لیگ شہباز شریف نے رد عمل دیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایک سیاسی لیڈر نے نواز شریف کو مناظرہ کا چیلنج دیا، میں اس لیڈر کو کہنا چاہتا ہوں کہ وہ نواز شریف کو اپنے صوبے میں آںے کی دعوت دیں، وہاں صوبے کا معائنہ کریں گے، موازنہ بھی ہو جائے گا اور مناظرہ بھی ہوگا اور آپ کو پتہ بھی لگ جائے گا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے چینلج پر سندھ میں مناظرے کا مقام مقرر کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری ایک بیان میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ میں مناظرے اور معائنے کے لیے تیار ہوں، نواز شریف مجھ سے خیرپور گمبٹ میں مناظرہ کرلیں، خیرپور گمبٹ کے اسپتال پنجاب کے اسپتالوں سے بہتر ہے۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا تھا کہ گمبٹ اسپتال میں علاج بالکل مفت ہے، میاں صاحب نے 3 بار وزیراعظم بننے کے باوجود گمبٹ کا دورہ نہیں کیا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ نواز شریف تھرپارکر آکر مناظرہ کرلیں، تھرپارکر کے انفرااسٹرکچر کا معائنہ بھی ہوجائے گا اور چولستان سے تھر کا موازنہ بھی ہوجائے گا، تھر میں کوئلے کے منصوبے جس کی نواز شریف اور شہباز شریف مخالفت کرتے تھے، تھر کول کراچی نہیں بلکہ فیصل آباد کو سستی بجلی فراہم کررہا ہے۔

Nawaz Sharif

Bilawal Bhutto Zardari

Pakistan Politics

انتخابات 2024

GENERAL ELECTION 2024