ایران خطے میں دہشتگردی کا سب سے بڑا اسپانسر ہے، بلوچستان میں ایرانی حملے پر امریکا کا ردعمل
ایران کی جانب سے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر امریکا کا کہنا ہے کہ ایران نے3ہمسایہ ممالک کی خودمختارسرحدوں کی خلاف ورزی کی، وہ خطےمیں دہشتگردی کاسب سےبڑااسپانسرہے۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے ایران کو امریکی فوج کی عراق میں موجودگی کی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران اپنےملک میں دہشت گردوں کےخلاف کارروائی کادعویدارہے۔
میتھیو ملرکے مطابق، ’ہم دیکھ رہےہیں ایران جنوبی سرحدوں پرخلاف ورزی کررہاہے،ہم تنازع کوخطےمیں پھیلتا نہیں دیکھناچاہتے۔‘
امریکا اور برطانیہ کی جانب سے ایران کی جانب سے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی مذمت کی گئی جب کہ چین نے پاکستان اور ایران سے تحمل سے کام لینے کی اپیل کی ہے۔ برطانیہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ایرانی حملہ مکمل طورپرناقابل قبول ہے۔
پاکستان کے صوبے بلوچستان میں ایران کی جانب سے ہونے والے حملے پر چین کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں ایران اور پاکستان سے تحمل سے کام لینے کی اپیل کی گئی ہے۔
چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ فریقین سے کشیدگی میں اضافے کا باعث بننے والے اقدامات سے گریز کا مطالبہ کرتے ہیں، امن و استحکام کو برقرار رکھنے کیلئے دونوں ملک مل کر کام کریں۔
دوسری طرف پاکستان میں ایرانی حملے پر امریکا اور برطانیہ نے سخت ردعمل دیا ہے۔
امریکی محمکہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ ہم ایران کے حملے کی مذمت کرے ہیں، ایران خطے میں دہشت گردی کی فنڈنگ کی قیادت کرتا ہے، اس کی جانب سے پاکستان پر عائد الزامات حیرت انگیز ہیں۔
برطانوی وزیرمملکت برائےخارجہ لارڈ طارق احمد نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ”ایکس“ پر ردعمل دیا، جسے پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنرنے ری ٹویٹ بھی کیا۔
لارڈ طارق احمد نے کہا کہ پاکستان میں ایرانی حملہ مکمل طور پر ناقابل قبول ہے، اس حوالے سے برطانیہ عالمی شراکت داروں کے ساتھ کام جاری رکھےگا۔
برطانوی وزیرمملکت برائےخارجہ نے کہا کہ پاکستانی سرزمین پر حملے میں معصوم بچے مارے گئے۔ حملے میں پیاروں کو کھونے والوں کے لئےدعاگو ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستانی فضائی حدود کی سنگین خلاف ورزی پر پاکستان نے ایران سے اپنے سفیر کو واپس بلانے اور ایرانی سفیر کو ملک سے نکالنے کا اعلان کیا ہے۔
پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ کے مطابق پاکستان نے اپنا سفیر واپس بلانے کا اعلان کرتے ہوئے ایرانی سفیر کو بھی ملک سے نکلنے کا حکم دیا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ نے مزید کہا کہ ایران کے ساتھ ہونے والی مجوزہ ملاقاتیں بھی منسوخ کردی گئی ہیں، ایران اور پاکستان کے درمیان سفارتی دوروں کو بھی روکا جارہا ہے۔
ممتاز زہرا بلوچ نے کہا تھا کہ پنجگور میں کیے گئے حملے کی تمام تر ذمہ داری ایران پر عائد ہوتی ہے، پاکستان کی خود مختاری پر حملہ یواین چارٹر کی خلاف ورزی اور ایرانی جارحیت کا ثبوت ہے۔
Comments are closed on this story.