Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

عام انتخابات: نواز شریف نے پارٹی کے انتخابی بیانیے کی منظوری دے دی

قائد مسلم لیگ (ن) کے انتخابی مہم میں اب تک نہ اترنے کی وجہ بھی سامنے آگئی
شائع 17 جنوری 2024 07:25pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے آئندہ عام انتخابات کے لیے پارٹی کے انتخابی بیانیے کی باقاعدہ منظوری دے دی۔

پارٹی ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف نے پارٹی کی معاشی ٹیم کے ساتھ تفصیلی مشاورت کے بعد انتخابی بیانیے کی منظوری دی جبکہ ان کے انتخابی مہم میں اب تک نہ اترنے کی وجہ بھی سامنے آ گئی۔

ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف زمینی حقائق کے مطابق معیشت بحالی کا روڈ میپ لے کر انتخابی مہم میں اترنا چاہ رہے تھے، پارٹی کے معیشت بحالی کے روڈ میپ کی منظوری کے بعد پارٹی بھرپور انتخابی مہم کے لئے مکمل تیار ہے۔

پارٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ نواز شریف کل حافظ آباد جلسے میں پارٹی کے انتخابی بیانیے کے نکات کے ساتھ انتخابی مہم کا آغاز کریں گے، نواز شریف انتخابی بیانیے میں معاشی بحالی کے روڈ میپ کا اعلان کریں گے۔

ذرائع کے مطابق مریم نواز بھی قائد نواز شریف کے ہمراہ حافظ آباد جلسے میں جائیں گی، پارٹی کے انتخابی بیانیے کے 3 بنیادی نکات ہوں گے۔

پارٹی ذرائع نے بتایا کہ انتخابی بیانیے کے مطابق اقتدار ملنے کی صورت میں پہلے 3 ماہ میں ہی عوام کو بجلی و گیس سمیت بھاری یوٹیلیٹی بلوں میں فوری ریلیف دیا جائے گا اور معیشت کی فوری بحالی کے لیے جنگی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں گے۔

اس کے علاوہ معیشت بحالی میں آئی ٹی اور ٹیلی کام سیکٹرز میں اہداف طے کر کے ترجیحات کے مطابق فوری نتائج حاصل کیے جائیں گے، بیمار اور لاغر معیشت کی بحالی کے لئے شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم منصوبہ جات کا اعلان کیا جائے گا اور شارٹ ٹرم منصوبے کے تحت عوام کو فوری ریلیف کے مختلف منصوبے شروع کیے جائیں گے۔

پارٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ انتخابی بیانیے میں لانگ ٹرم منصوبے کے تحت قوم کو مہنگے غیرملکی قرضوں سے نجات، غیر ملکی سرمایہ کاری اور زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے پر توجہ دی جائے گی اور نواز شریف کے سابقہ ادوار کے ترقیاتی منصوبوں کو اجاگر کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق انتخابی بیانئے میں عوام کے مسائل کے حل کے لیے امید جگائی جائیں گی جبکہ پی ٹی آئی دور حکومت کی ناکامیوں کو بھی انتخابی بیانیے کا حصہ بنایا جائے گا۔

پارٹی نے مزید بتایا کہ ”ووٹ کو عزت دو“ اور ”شیر کو ووٹ دو“ کو انتخابی بیانیے کا حصہ بنایا جائے گا، ”پاکستان کے لئے“ بھی انتخابی بیانیے کا واضح نعرہ ہو گا، ”پاکستان کو نواز دو“ انتخابی بیانیے کا بنیادی نعرہ ہو گا جبکہ ”مئی والے بمقابلہ 28 مئی والے“ کا نعرہ بھی انتخابی مہم کا حصہ ہو گا۔

نواز شریف کل سے پارٹی کی انتخابی مہم کا آغاز کریں گے

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کل سے پارٹی کی انتخابی مہم کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔

پارٹی ذرائع کے مطابق مریم نواز بھی نواز شریف کے ہمراہ حافظ آباد جلسے میں شرکت کریں گی، نوازشریف این اے 67 میں امیدوار سائرہ افضل تارڑ کے انتخابی جلسے میں شرکت کریں گے، 21 اکتوبر کو وطن واپسی کے بعد نواز شریف پہلی بار کسی عوامی جلسے میں شرکت کریں گے۔

مزید پڑھیں

معیشت کی بحالی کے لیے ایمرجنسی بنیادوں پرکام کیا جائے گا، نواز شریف

خون چوسنے والے شیر کا تیر سے شکار کریں گے، چوتھی بار وزیراعظم نہیں بننے دیں گے، بلاول بھٹو

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف انتخابی مہم کے دوران 12 سے 15 انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے جبکہ قائد (ن) لیگ نے پارٹی کے انتخابی بیانئے کی باقاعدہ منظوری بھی دے دی۔

PMLN

Nawaz Sharif

Maryam Nawaz

Election 2024

GENERAL ELECTION 2024