Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

عمران خان کارکنوں کو جلاؤ گھیراؤ کیلئے اکسانے پر جیل میں ہیں، وزیراعظم کاکڑ

8 فروری کو الیکشن کرانے کیلئے پاکستان میں ہرکوئی پرعزم ہے، انوارالحق کاکڑ
شائع 17 جنوری 2024 06:46pm

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں 8 فروری کو انتخابات کرانا آئینی ضرورت ہے اور اس تاریخ کو انتخابات کرانے کے لیے پاکستان میں ہر کوئی پرعزم ہے، عمران خان اپنے سیاسی خیالات کی وجہ سے نہیں بلکہ کارکنوں کو جلاؤ گھیراؤ کے لیے اکسانے پر جیل میں ہیں۔

ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پرسی این بی سی کے ساتھ خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کے پاس اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کا انتخاب ہوگا اور وہ اگلے پانچ سال کے لئے حکومت منتخب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عام انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں، انتخاباتی کرانا آئینی ذمہ داری ہے اورنگراں حکومت خوش اسلوبی سے آئینی ذمہ داری انجام دے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کوانتخابات میں ووٹ ڈالنے کا موقع فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ الیکشن کمیشن آئندہ انتخابات کے لیے آئینی تقاضے پورے کرچکا ہے۔ عام انتخابات کےدوران عالمی مبصربھی پاکستان آئیں گے۔

معاشی صورتحال کے بارے میں پوچھے جانے پر وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف بورڈ نے پاکستان کے لیے دوسری قسط کی منظوری دے دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کی ترجیح معاشی بحالی اور ترقی اور دیگر معاشی اشاریوں پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ ہم نگراں حکومت کی چار سے پانچ ماہ کی کارکردگی پر وائٹ پیپر بھی شائع کریں گے۔

نگراں وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے ٹیکس کے نظام میں ایک نیا پروگرام متعارف کرایا ہے۔ ہم نے نجکاری کی مہم چلائی اور وفاقی سطح پر اخراجات میں کمی کی۔ صوبوں کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں تاکہ وہ بھی اپنے اخراجات کو معقول بنا سکیں۔

پلان سی تیار ہے، 8 فروری کو سامنے آئے گا، عمران خان

نگراں وزیراعظم نے دہشت گردی کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے علاقائی نقطہ نظر کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں انسداد دہشت گردی کی استعداد کار بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک درمیانے درجے کی طاقت ہے اور اس کی اصل صلاحیت اور کردار کو سراہنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کےخلاف پاکستان کا ایک مضبوط مؤقف ہے اور پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتاہے۔

ایک سوال کے جواب میں نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ غیرقانونی افغان مہاجرین کی واپسی بہت ضروری تھی، پاکستان گزشتہ 4 دہائیوں سےافغان مہاجرین کی میزبانی کررہا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ غیرقانونی غیرملکی پاکستان کی سیکورٹی کیلئے خطرہ ہیں، پاکستان میں جو بھی آئے گاوہ قانونی دستاویزات کے ساتھ داخل ہوگا۔

چین کے ساتھ تعلقات کے بارے میں پوچھے جانے پر انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان کے بیجنگ کے ساتھ اسٹریٹجک طور پر قریبی تعلقات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ خطے یا کہیں اور کیا ہوتا ہے ، چین کے ساتھ ہمارے تعلقات پر کوئی اثر نہیں پڑ سکتا۔

انوار الحق کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنے سیاسی خیالات کی وجہ سے جیل میں نہیں بلکہ 9 مئی کے فسادات میں مبینہ طور پر ملوث ہونے اور اپنے کارکنوں کو جلاؤ گھیراؤ پر اکسانے کیوجہ سے جیل میں بند ہیں، اس طرح کے رویے سے قانون سے نمٹا جاتا ہے، جیسا کہ امریکا میں کیپیٹل ہل پر حملے میں ملوث افراد کے ساتھ سلوک کیا گیا۔ بے گناہ لوگ نہیں بلکہ جلاؤ گھیراؤ میں ملوث لوگ جیل میں ہیں، تو میں اسے ناانصافی نہیں سمجھتا۔

پاکستان میں طرز حکمرانی بتدریج بہتر ہو رہا ہے، انوار الحق کاکڑ

ڈیووس میں پاتھ فائینڈرز بریک فاسٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان میں طرز حکمرانی بتدریج بہتر ہو رہا ہے، پاکستان میں ٹیکس نظام میں اصلاحات لائی جا رہی ہیں، موثر طرز حکمرانی کے ذریعے ہم نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔

نگراں وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے بہت زیادہ مواقع موجود ہیں، پاکستان قدرتی وسائل سے مالامال اور خطے کا ایک اہم ملک ہے، خطے کے کئی ممالک کے پاس سرمائے کی صورت میں وسائل ہیں مگر ان کے پاس اس سرمائے کو خرچ کرنے کے مواقع موجود نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان ملکوں میں مینوفیکچرنگ سمیت مختلف منصوبہ جات یا انفرسٹرکچر کے لیے سرمایہ کاری موجود ہے مگر انسانی وسائل اور سازگار ماحول کی کمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی صورت میں ان ملکوں کے پاس 2 ہی صورتیں بچتی ہیں کہ یا تو وہ دوسرے ممالک سے انسانی وسائل کو اپنے ملکوں میں لے کر آئیں یا اپنا سرمائے سے ایسے ملکوں میں سرمایہ کاری کریں جہاں سستی لیبر فورس اور توانائی کے وسائل موجود ہیں۔

نگراں وزیراعظم نے کہا کہ ایسے ملکوں کے لیے پاکستان بہترین انتخاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا بھر میں راہداری کے لیے اہم ملک ہے جو متنوع ثقافت رکھتا ہے اور مختلف مذاہب کی نمائندگی کرتا ہے، پاکستان کوہ پیماؤں کے لیے جنت ہے جہاں دنیا کی 8 بلند ترین چوٹیاں واقع ہیں، یہاں صحرائے تھر اور پنجاب کے میدانی علاقے ہیں اور یہ سب کچھ ایک ہی ملک میں موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ اس کے انسانی وسائل ہیں، 24 کروڑ آبادی والے اس ملک کی 60 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے جو ایک قوت کو ظاہر کرتی ہے اور جسے صرف ایک سمت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان میں تقریباً 15 لاکھ نوجوان صرف انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ سے وابستہ ہیں اور مستقبل میں آئی ٹی گریجویٹس کی سالانہ تعداد 50 ہزار تک بڑھائی جائے گی۔

واضح رہے کہ نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ ان دنوں سوئیٹزرلینڈ کے دورے پر ہیں، جہاں وہ عالمی اقتصادی فورم میں شرکت کر رہے ہیں۔

پاکستان

imran khan

anwar ul haq kakar

Caretaker Prime Minister Anwar ul Haq Kakar

PM KAKAR

PM ANWAR UL HAQ KAKAR

Election 2024

GENERAL ELECTION 2024