Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

گوگل پاکستان الیکشن ٹرینڈ: سب سے زیادہ دلچسپی کن جماعتوں میں

کون سی جماعت سے متعلق معلومات کس صوبے سے زیادہ ڈھونڈی جا رہی ہیں
اپ ڈیٹ 16 جنوری 2024 02:02pm

دنیا کے معروف سرچ انجن ’گوگل‘ نے پاکستان کے عام انتخابات 2024 کے لیے کچھ خاص کیا ہے۔

گوگل نے پاکستان میں انتخابی سرچ ٹرینڈ کاصفحہ جاری کیا جو یہ بتا رہا ہے کہ پاکستانی پاکستانی آن لائن معلومات کس جماعت کے حوالے سے تلاش کر رہے ہیں۔ تاہم گوگل نے واضح کیا ہے کہ اس سے ووٹرز کے ارادوں کے بارے میں کوئی اندازہ نہیں لگایا جا سکتا۔

یہ پیج گوگل ٹرینڈز ’پاکستان جنرل الیکشن‘ کےنام سے متعارف کروایا گیا ہے اور یہ سرچ ٹرینڈ کسی جماعت کی مقبولیت جاننے کا پیمانہ بھی نہیں۔

لیکن اس کے باوجود سرچ پیج سے یہ معلوم ہوسکتا ہے کہ لوگ کسی سیاسی جماعت میں سب سے زیادہ دلچسپی لے رہے ہیں خواہ اس دلچسپی کی وجہ پسندیدگی ہو یا ناپسندیدگی۔

گوگل کی جانب سے متعلق کرائے گئے پیج پر منگل کی سہ پہر تک پچھلے 14 دن کے ڈیٹا کو سامنے رکھتے ہوئے نتائج شائع کیے گئے تھے۔ جن کے مطابق گوگل پر سرچ کرنے والوں میں سے 77 فیصد لوگوں نے پاکستان تحریک انصاف کے حوالے سے معلومات سرچ کیں۔

دوسرے نمبر پر مسلم لیگ(ن) کے حوالے سے معلومات ڈھونڈے والوں کا تناسب 14 فیصد رہا۔

پیپلز پارٹی کے حوالے سے 3 فیصد لوگوں نے معلومات تلاش کیں جب کہ تحریک لبیک پاکستان کے حوالے سے 2 فیصد لوگوں نے معلومات سرچ کیں۔

متحدہ قومی موومنٹ، جمعیت علمائے اسلام ف، جماعت اسلامی اور اے این پی سے متعلق ایک ایک فیصد لوگوں نے معلومات ڈھونڈیں۔

ذیل میں دیا گیا ڈیٹا براہ راست گوگل سے اپ ڈیٹ ہو رہا ہے جس میں وقت کے ساتھ تبدیلی آسکتی ہے۔

مسلم لیگ (ق)، بلوچستان عوامی پارٹی (باپ)، بی این پی مینگل اور دیگر کئی جماعتوں میں لوگوں کی دلچسپی اتنی کم تھی کہ اسے صفر فیصد شمار کیا گیا۔

دلچسپی کیوں اور کہاں سے

گوگل کی جانب سے پیش کیے گئے سرچ ڈیٹا کے تفصیلی جائزے سے معلوم ہوتا ہے کہ سیاسی جماعتوں کے حوالے سے معلومات تلاش کرنے کے رحجان میں رواں ماہ چھ تاریخ کے بعد تیزی آئی ہے۔

تحریک انصاف کے حوالے سے معلومات جمع کرنے والوں میں سے اکثریت کا تعلق خیبرپختونخوا سے ہے جب کہ مسلم لیگ (ن) کے حوالے سے معلومات تلاش کرنے میں سے زیادہ تر صوبہ پنجاب سے تعلق رکھتے ہیں۔

اور توقع کے عین مطابق پیپلز پارٹی کے بارے میں زیادہ تجسس سندھ کے لوگوں میں پایا جاتا ہے۔

یہ صوبے ان جماعتوں کے گڑھ تصور کیے جاتے ہیں۔

مذہبی سیاسی جماعتوں میں سے تحریک لبیک میں زیادہ دلچسپی پنجاب میں ، جے یو آئی ف میں بلوچستان میں اور جماعت اسلامی کے حوالے سے زیادہ دلچسپی سندھ میں پائی جاتی ہے۔

لوگ کیا پوچھ رہے ہیں

ڈیٹا سے ظاہر ہوتا ہے کہ پچھلے تین ماہ کے دوران لوگوں سے سب سے زیادہ یہ سرچ کیا کہ الیکشن کس تاریخ کو ہوں گے۔

اس کے بعد لوگوں کی زیادہ دلچسپی نگراں حکومت تبدیل ہوگی یا نہیں، سیاست میں کیسے آیا جائے اور کتنی جماعتیں الیکشن جیتتی ہیں میں رہی۔

کون الیکشن جیتے گا اس حوالے سے سرچ پانچویں نمبر پر آئی۔

google

پاکستان

Election 2024

GENERAL ELECTION 2024