Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

سپریم کورٹ نے بیرسٹر گوہر کے گھر چھاپے کی آئی جی اسلام آباد سے فوری رپورٹ طلب کرلی

آپ تحریری رپورٹ داخل کریں یہ سنجیدہ معاملہ ہے اور آپ بیرسٹر گوہر کے گھر خود جائیں، چیف جسٹس
اپ ڈیٹ 13 جنوری 2024 07:08pm

سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کے گھر چھاپے کی انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس اسلام آباد سے فوری رپورٹ طلب کرلی۔

وقفے کے بعدسپریم کورٹ میں پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخابات کیس کی سماعت کا دوبارہ آغاز ہوا تو چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہم نے آئی جی کو بھیجا تھا، جس پر وکیل پی ٹی آئی علی ظفر نے کہا کہ یہ تو اچھی بات ہے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا آئی جی اسلام آباد عدالت میں موجود ہیں؟ علی ظفر نے بتایاکہ آئی جی اسلام آباد آئے تھے شاید باہر گئے ہیں آجائیں گے۔

بعد ازاں چیف جسٹس نے آئی جی سے استفسار کیا کہ پولیس ان کے گھر کیوں گئی تھی؟

آئی جی نے جواب دیا کہ پولیس کو اطلاع ملی کہ اشتہاری ملزم وہاں گئے ہیں لیکن جب علم ہوا گھربیرسٹر گوہر کا ہے توپولیس پارٹی واپس چلی گئی۔

چیف جسٹس نے حکم دیا کہ آپ تحریری رپورٹ داخل کریں یہ سنجیدہ معاملہ ہے اور آپ بیرسٹر گوہر کے گھر خود جائیں۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ میں دورانِ سماعت چیئرمین پی ٹی آئی گوہر خان نے علی ظفر کو دلائل کے دوران روکا اور بتایا 4 ڈالے ان کے گھر پہنچے ہیں، بیٹے اور بھتیجے کو تشدد کا نشانہ بنایا، کمپیوٹر اور دستاویزات اپنے ساتھ لے گئے۔

چیف جسٹس نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو مخاطب کرکے کہا تھاکہ اگر ایسا ہوا ہے تو نہیں ہونا چاہیئے تھا، ابھی معاملے کو طے کریں۔

آئی جی اسلام آباد نے بیرسٹر گوہر کے گھر کا دورہ کرکے معائنہ کیا

سپریم کورٹ کے حکم پر آئی جی اسلام آباد نے پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر کے گھر کا دورہ کرکے معائنہ کیا۔

اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ عدالتی حکم پر بیرسٹرگوہر سے ملا اور شکایت سنی، ایس پی سٹی آپریشن کی نگرانی کریں گے، اسلام آباد پولیس بیرسٹر گوہرکی حفاظت کے لیے موجود ہے، اس گلی میں ایک اشتہاری ہے، نمبر کی غلطی تھی، واقعہ غلط فہمی کی بنیاد پر ہوایا نہیں ؟تفتیش کے بعد بتایا جاسکتا ہے۔

pti

Supreme Court

اسلام آباد

IG Islamabad

SUPREME COURT OF PAKISTAN (SCP)

Chief Justice Qazi Faez Isa

PTI bat symbol