Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

مسلم لیگ (ن) کا 15 جنوری سے انتخابی مہم شروع کرنے کا اعلان

نوازشریف نے پارٹی رہنماؤں گلے شکوے دور کروادیے
شائع 10 جنوری 2024 10:23pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ فائل

پاکستان مسلم لیگ (ن) نے 15 جنوری سے انتخابی مہم شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔

مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں بتایا کہ نوازشریف کی قیادت میں انتخابی مہم کا آغاز 15جنوری سے کررہے ہیں، مسلم لیگ (ن) میں ٹکٹوں کی تقسیم پر کوئی اختلاف نہیں، صرف چند حلقوں میں مشاورت کا سلسلہ جاری ہے، آئندہ ایک یا 2 دن تک امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی جائے گی۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ الیکشن کے التواء کے حق میں نہیں ہیں، شروع دن سے مؤقف ہے کہ شفاف الیکشن کا انعقاد بروقت ہونا چاہیئے۔

اس سے قبل نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ ن پنجاب رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ مریم نواز اور شہبازشریف 15جنوری سے انتخابی مہم شروع کریں گے، نوازشریف 17 جنوری سے جلسوں کا آغاز کریں گے، نوازشریف 15ڈویژنز میں مختلف جگہوں پر عوام سے خطاب کریں گے، مریم نواز اور شہبازشریف کا بھی پروگرام ترتیب پاگیا ہے، حمزہ شہبازلاہور کو دیکھیں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ انتخابی مہم کی قیادت نوازشریف ہی کریں گے، ہماری لیڈر شپ ڈسٹرکٹ وائس جلسوں سے خطاب کرے گی، اب ہم باقاعدہ عوام میں نظر آئیں گے۔

سیاسی جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ن لیگ پنجاب کے صدر کا کہنا تھا کہ آئی پی پی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر سیٹلمنٹ ہوچکی ہے، ہمارا ق لیگ کے ساتھ بھی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا وعدہ تھا، ق لیگ کے ساتھ گجرات اور بہاولپور میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے پارٹی ٹکٹ کے حوالے سے بہت بڑی ایکسر سائز کی ہے جس میں ایک ماہ کا وقت لگا ہے، جن لوگوں نے ٹکٹ کے لیے اپلائی کیا ان تمام لوگوں کی بات سنی اور فیصلے کیے، ہم آج شام یا کل تک لسٹ جاری کردیں گے۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ جن کیسز کی کوئی بنیاد نہ ہو ان کو ختم ہی ہونا ہوتا ہے، فتنے کی حکومت کا ہم نے ساڑھے تین ،چار سال سامنا کیا، جھوٹے کیسز ختم ہونے سے کیا کوئی لاڈلہ بن جاتا ہے؟ انصاف ہر کسی کو ملنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن واضح اکثریت سے کامیاب ہوکر ملک کو بحرانوں سے نکالے گی، صدر کا ایک آئینی عہدہ ہے ،اختیار کوئی نہیں، اس ملک کو نوازشریف کی ضرورت ہے، نوازشریف ایسے عہدے پر ہوں جس پر بیٹھ کر ملک کو بحران سے نجات دلا سکیں۔

نوازشریف نے پارٹی رہنماؤں گلے شکوے دور کروادیے

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) آئندہ چند روز میں عام انتخابات کے لیے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دے گی جبکہ 15 جنوری سے انتخابی مہم کا بھی باقاعدہ آغاز کیا جارہا ہے۔

ذرائع کے مطابق پارٹی قائد نوازشریف کی زیرصدارت جاتی امرا میں ہونے والے اہم اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے ایک دو روز میں مشاورت مکمل کر کے امیدواروں کے حتمی ناموں کا اعلان کیا جائے گا۔

پارٹی نے ملک بھر میں 15 جنوری سے انتخابی مہم شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز اور حمزہ شہباز انتخابی مہم میں شرکت کریں گے۔

جاتی امراء میں ہونے والے اجلاس میں شہباز شریف، مریم نواز، حمزہ شہباز، رانا ثنااللہ اور خواجہ سعد رفیق سمیت دیگر رہنماوں اور صوبائی کوآرڈینتڑز نے شرکت کی۔

اجلاس میں آئندہ انتخابات کے لیے مکمنہ امیدواروں کے ناموں پر حتمی مشاورت ہوئی، میاں نوازشریف نے روحیل اصغر اور ایاز صادق کے درمیان گلے شکوے بھی دور کروا دیے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ پارٹی قربانی دینے والے رہنماوں کی قدر کرتی ہے، ہم سب ساتھیوں کو موقع دیں گے۔

PMLN

Nawaz Sharif

Maryam Nawaz

Rana Sanaullah

lahore

Election Campaign

PAKISTAN MUSLIM LEAGUE (PMLN)

Election 2024

Election Jan 10 2024