Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

تاحیات نااہلی کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر سیاستدانوں کا رد عمل

ملک کی تمام بڑی جماعتوں نے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے
شائع 08 جنوری 2024 10:13pm
فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

سپریم کورٹ نے تاحیات نااہلی سے متعلق فیصلہ سنادیا ہے اور اپنے مختصر فیصلے میں سپریم کورٹ نے تاحیات نااہلی ختم کردی ہے۔

سپریم کورٹ کے فیصلے کا ملک کی تمام ہی بڑی سیاسی جماعتوں نے خیر مقدم کیا ہے اور تاحیات نااہلی کے فیصلے کی مخالفت کی ہے۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کا خیر مقدم

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ن لیگ کے صدر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے کے بعد آئین کی من پسند تشریح کے ذریعے نواز شریف کی تاحیات نااہلی کی گھناؤنی سازش مکمل طور پر دم توڑ چکی ہے، میں دل کی گہرائیوں سے اپنے بھائی اور قائد کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

شہبازشریف نے کہا کہ نواز شریف کے انتخابات میں حصہ لینے اور ملک و قوم کو بحرانوں سے نکالنے کے پختہ عزم کی راہ میں اب کوئی قانونی رکاوٹ باقی نہیں رہی، ہم سب مل کر بھرپور انداز میں نواز شریف کی انتخابی مہم چلائیں گے اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے اگر نواز شریف کو دوبارہ موقع ملا تو ترقی اور خوشحالی کا سفر پھر سے شروع ہو گا۔

تیمور خان جھگڑا

آج نیوز کے پروگرام ”سپورٹ لائٹ“ میں بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما تیمور جھگڑا کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر نوازشریف کو مبارکباد، تاحیات نا اہلی نہیں ہونی چاہیے، سب کو بنیاد حقوق کا حق ہونا چاہیے۔

مریم اورنگزیب

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں مسلم لیگ ن کی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے، اس فیصلے سے نوازشریف سرخرو ہوئے ہیں، اور سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے تاحیات نااہلی کی عدالتی نا انصافی کا سیاہ باب ختم ہوا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کی من چاہی تشریح کے ذریعے پاکستان اور عوام کو مہنگائی، معاشی تباہی اور بین الاقوامی رسوائی کی دلدل میں دھکیلنے والے سیاہ کردار آج عدالت، عوام اور وقت کے کٹہرے میں مجرم قرار پائے ہیں، جنہوں نے اپنے سیاسی و ذاتی مفادات کی خاطر 25 کروڑ عوام اور ترقی کرتے پاکستان کی بنیادیں تک ہلا ڈالیں۔

مزید پڑھیں:

8 فروری کے الیکشن کے لیے تیار ہیں، ترجمان جے یو آئی

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ایک لاڈلے کو ”صادق اور امین“ کا جعلی سرٹیفکیٹ دینے کےلئے ایک منتخب وزیراعظم کو ہٹانے کی سازش کی گئی، آج یہ کہنا بنتا ہے کہ اللہ جسے چاہے عزت دے، اور جسے چاہے ذلیل کرے۔

ایم کیو ایم کے رہنما امین الحق

کراچی میں لیگی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما امین الحق کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں، اور اس فیصلے پر ن لیگ کو مبارکباد دیتے ہیں۔

امین الحق نے کہا کہ سپریم کورٹ نے اچھا فیصلہ سنایا ہے، 8 فروری کے انتخابات کے بعد نوازشریف وزیراعظم ہوں گے، اور ایم کیو ایم وزیراعظم کیلئے نوازشریف کو ووٹ دے گی۔

ترجمان جے یو آئی

آج نیوز کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے ترجمان جے یو آئی حافظ حمداللہ کا کہنا تھا کہ جے یو آئی سپریم کورٹ کے فیصلے کی حمات کرتی ہے، ملک میں معاشی، آئینی بحران ہے، ہمیں تھرٹ مل رہے ہیں، مولانا فضل الرحمان کو براہ راست تھریٹ ہے۔

حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے پرامن ماحول چاہتے ہیں، تاہم 8 فروری کے الیکشن کے لیے تیار ہیں۔

مزید پڑھیں:

مخالفین سن لیں میدان خالی نہیں ملے گا، بیرسٹر گوہر کا اعلان

مصطفی نواز کھوکھر

آج نیوز کے پروگرام ”فیصلہ آپ کا“ میں بات کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما مصطفی نواز کھوکھر کا کہنا تھا کہ آج سپریم کورت کا اچھا فیصلہ آیا، سیاستدانوں کوانتخابی عمل سے باہر کرنے کا اختیارعوام کے پاس ہے۔

مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ ماضی میں عدلیہ سیاستدانوں کو الیکشن سے باہر کرنے میں استعمال ہوئی، سیاست دانوں کو اب کردار ادا کرنا چاہیے، سیکیورٹی جوازبنا کرالیکشن ملتوی نہیں ہونا چاہیے۔

مزید پڑھیں:

نواز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور ہونے کیخلاف اپیل پر فیصلہ محفوظ

لیگی رہنما خرم دستگیر

آج نیوز سے بات کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ آج کے فیصلے رب کے شکرگزار ہیں، جس سے نوازشریف پر قدغن ختم ہو گئی، اور بڑا فائدہ بانی پی ٹی آئی کو ہوا۔

خرم دستگر کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد نوازشریف کے لیے قانونی رکاوٹیں ختم ہو گئی ہیں، اب وہ میدان میں آجائیں گے، اور ان کے جلسوں کا شیڈول جاری ہوجائے گا، عوام ن لیگ کی حمایت کریں گے۔

Supreme Court

JUIF

Pakistan People's Party (PPP)

SUPREME COURT OF PAKISTAN (SCP)

PAKISTAN MUSLIM LEAGUE (PMLN)

faisla app ka