Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

9 مئی جیسے واقعات روکنے کے لیے قانون سازی ہوگی، خرم دستگیر

جب جب لاڈلے لائے گئے نقصان ہی ہوا ہے، اس بار لاڈلے نے ریاستی اداروں پر حملہ کیا، مولا بخش چانڈیو
شائع 06 جنوری 2024 09:35pm
وزیر توانائی خرم دستگیر
وزیر توانائی خرم دستگیر

مسلم لیگ (ن) کے رہنما خرم دستگیر نے کہا کہ 9 مئی کو ایک جھتہ بے نقاب ہوگیا، 9 مئی جیسے واقعات روکنے کے لیے قانون سازی ہوگی، پیپلزپارٹی کے رہنما مولابخش چانڈیو نے کہا کہ جب جب لاڈلے کو لایا گیا نقصان ہی ہوا ہے، اس لاڈلے نے تو ریاستی اداروں پر حملہ کیا۔

آج نیوز کے پروگرام ”روبرو“ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر دفاع خرم دستگیر نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کوئی سیاسی احتجاج نہیں تھا، کچھ ہزار لوگ تھے جنہوں نے توڑ پھوڑ کی، 9 مئی کو ریاست پر حملہ تھا، احتجاج نہیں تھا۔

خرم دستگیر نے کہا کہ نوازشریف نے 2014 میں دھرنے کے باوجود اپنے کام کیے، بجلی کے منصوبے لگائے اور دہشت گردی سے نمٹے، نوازشریف نے دھرنے کے باوجود سی پیک پر کام کیا، ماضی میں عدالتی کمیشن ڈیلیور کرنے میں ناکام رہے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے مزید کہا کہ ایک جھتہ 9 مئی کو بے نقاب ہوگیا، ہمیں 9 مئی کے ذمہ داران کو سخت ترین سزا دینا ہے، آئندہ کابینہ کو ایسے اقدامات کی روک تھام کے لیے قانون سازی کرنا ہوگی۔

انتخابات کے حوالے سے سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سیٹ ایڈجسمنٹ کے معاملات آگے بڑھ رہے ہیں، ٹکٹوں کے اعلانات کے ساتھ ایڈ جسمنٹ کے اعلان بھی ہوں گے، امید ہے ایم کیوایم کے ساتھ گفتگو بھی جلد حتمی مراحل میں داخل ہوجائے گی۔

ہم پنجاب میں اکثریت میں نہیں، معجزہ کرکے دیکھائیں گے، مولا بخش چانڈیو

پیپلزپارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو نے آج نیوز کے پروگرام ”روبرو“ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے حالات بہتر ہیں، پہلے جیسے نہیں، ایم کیو ایم کراچی کی طاقت تھی، خود کو ضائع کیا، ایم کیو ایم پہلے بھی ن لیگ سے اتحاد کرچکی ہے، ن لیگ بغیر اتحادیوں کے ہمارا مقابلہ نہیں کرسکتی۔

مولابخش چانڈیو نے کہا کہ ہم پنجاب میں اکثریت میں نہیں، معجزہ کرکے دیکھائیں گے، ہم پنجاب میں سرپرائز دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ضیاء الحق نے11 سال تک مسلم لیگ (ن) لیگ کو پالا، پنجاب سے پیپلزپارٹی کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی، پنجاب میں بلاول بھٹو کا شاندار استقبال کیا گیا، پنجاب میں ہمارا ن لیگ سے اتحاد کارکنان کو پسند نہیں۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ میں پنجاب میں حکومت بنانے کا دعویٰ نہیں کرتا، الیکشن میں پنجاب میں بڑی تبدیلی نظر آئے گی، 2018 میں انتخابات نہیں تھے، مخصوص گروہ کا چناؤ تھا، جب جب لاڈلے لائے گئے نقصان ہی ہوا ہے، اس بار لاڈلے نے ریاستی اداروں پر حملہ کیا۔

مولا بخش چانڈیو نے یہ بھی کہا کہ میرے خیال میں ن لیگ کے لیے بھی آسان میدان نہیں ہوگا، سینیٹ میں پاس قرارداد اکثریت کی قرارداد نہیں، قوم قاضی صاحب پر اعتماد کرتی ہے، قرارداد کا انتخابات پر کوئی اثر نہیں ہوگا۔

انتخابات ملکی حالات بہتر کرنے کے لیے ضروری ہیں، مصطفیٰ نواز کھوکھر

سینئر سیاستدان مصطفیٰ نواز کھوکھر نے آج نیوز کے پروگرام ”روبر“ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ میں صرف 14 ارکان موجود تھے، 14 میں سے 12 لوگوں نے قرار داد کی حمایت کی، چیئرمین سینیٹ نے بھی قرار داد پیش کرنے کی اجازت دی، قرار داد کی قانونی اور آئینی حیثیت نہیں، قرار داد پیش کیا جانا اور منظور ہونا توجہ طلب ہے۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ کیا ہماری اسٹیبلشمنٹ انتخابات نہیں چاہتی؟ 2008 اور 2013 میں حالات آج سے زیادہ خراب تھے، 2018 میں بھی ہمیں خیبرپختونخوا نہیں جانے دیا جارہا تھا، انتخابات ملکی حالات بہتر کرنے کے لیے ضروری ہیں، امن و معاشی استحکام سیاسی استحکام سے منسلک ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ کے لیے ماحول بنایا جارہا ہے، دوسری جماعت کو مہم چلانے کی اجازت بھی نہیں۔

9 مئی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات نے ملک کو ہلا کر رکھ دیا، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اچھی شروعات کی۔

PMLN

اسلام آباد

PPP

rubaroo

khurram dastagir

Mustafa Nawaz Khokhar

Shaukat Paracha

9 May

MAY 9 RIOTS

Mola Baksh Chandio

9 May Cases

Election 2024

Election Jan 6 2024