Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت سے کسی کو لاپتہ نہ کرنے کی یقین دہانی مانگ لی

لاپتہ افراد اور جبری گمشدگیوں سے متعلق کیس کا 5 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری
شائع 06 جنوری 2024 08:41pm

سپریم کورٹ آف پاکستان نے لاپتہ افراد اور جبری گمشدگیوں سے متعلق کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا، جس میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے وفاقی حکومت سے کسی کو لاپتہ نہ کرنے کی یقین دہانی مانگ لی۔

5 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے تحریر کیا۔

عدالت عظمیٰ نے وفاقی حکومت سے کسی کو لاپتہ نہ کرنے کی تحریری یقین دہانی مانگ لی جبکہ عدالت نے تحریری یقین دہانی جمع کرانے کی بھی ہدایت کردی۔

سپریم کورٹ نے بلوچ مظاہرین کے پرامن احتجاج پر پولیس کو ناروا سلوک سے بھی روک دیا۔

تحریری حکم نامے میں کہا گیا کہ پُرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے، حکومت متعلقہ وزارتوں کے سینئیر افسران کی تحریری یقین دہانی دے کہ ماورائے قانون کسی کو نہیں اٹھایا جائے گا، عدالت کے نوٹس میں لایا گیا کہ عدالتی چھٹیوں میں بلوچ مظاہرین پر پولیس نے تشدد کیا، عدالت پُرامن مظاہرین پر کسی بھی قسم کے تشدد کی اجازت نہیں دیتی۔

سپریم کورٹ نے اپنے حکم نامے میں مزید کہا کہ عدالت فیض آباد دھرنا فیصلے میں بھی پُرامن احتجاج کا حق واضح کر چکی ہے، لاپتہ افراد کمیشن 10 روز میں اپنے کوائف سے متعلق تفصیلات اٹارنی جنرل کو جمع کرائے اور اٹارنی جنرل لاپتہ افراد کمیشن سے رپورٹ آجانے کے بعد حتمی رپورٹ عدالت میں جمع کرائیں۔

عدالتی حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا کہ کیس کی سماعت طلب کردہ دستاویزات جمع کرانے کے بعد ہوگی، اعتزاز احسن کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے عائد اعتراضات ختم کیے جاتے ہیں، اعتزاز احسن کی درخواست میں عدالت صرف لاپتہ افراد تک محدود رہے گی جبکہ ان کی درخواست میں سیاسی وابستگی رکھنے اور واپس آجانے والوں کے معاملے کو عدالت نہیں دیکھے گی۔

تحریری حکم نامے میں سپریم کورٹ کی جانب سے کہا گیا کہ جسٹس (ر) جاوید اقبال کی سربراہی میں چار رکنی لاپتہ افراد کمیشن 2011ء سے قائم کیا گیا جس پر آمنہ مسعود جنجوعہ اور دیگر فریقین نے لاپتہ افراد کمیشن پر عدم اعتماد کا اظہار کیا، وکیل فیصل صدیقی نے بتایا کہ کمیشن کے کئی پروڈکشن آرڈرز نظر انداز کیے گئے ہیں، فیصل صدیقی کو عدالت لاپتہ افراد کیس میں معاون مقرر کرتی ہے۔

Supreme Court

اسلام آباد

missing person case

Justice Qazi Faez Isa

missing person

missing persons

SUPREME COURT OF PAKISTAN (SCP)

Chief Justice Qazi Faez Isa

Baloch Missing Persons

Live Proceedings