Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

3 جماعتوں کی قیادت کی انتڑیوں سے قوم کا لوٹا پیسہ نکالیں گے، سراج الحق

پاکستان کی محرومیوں کی ذمہ دار تین بڑی جماعتیں ہیں، امیر جماعت اسلامی
شائع 02 جنوری 2024 10:13pm
فوٹو ــ فائل/ امیر جماعت اسلامی پاکستان
فوٹو ــ فائل/ امیر جماعت اسلامی پاکستان

امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ اقتدار میں آئے تو تین جماعتوں کی قیادت کے پیٹ پھاڑ کر اور ان کی انتڑیوں سے قوم کا لوٹا پیسہ نکالیں گے۔

شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ اس ملک کو امن اور مضبوط معیشت کی ضرورت ہے، ملک کو قانون کی بالادستی اور بچوں کو تعلیم کی ضرورت ہے، پاکستانی چاہتا ہے کہ اس کیلئے رزق کے دروازے کھولے جائیں، ہر شہری سبز پاسپورٹ عزت چاہتا ہے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ کسی غریب آدمی نے ملک کو نہیں لوٹا، پاکستان کی محرومیوں کے ذمہ دار امریکہ برطانیہ فرانس یا کوئی غیر ملکی طاقت نہیں پاکستان کی تین بڑی جماعتیں ہیں، مسلم لیگ ن نے پچیس سال پنجاب میں، 15 سال سے پیپلزپارٹی سندھ میں برسراقتدار رہی، 9 سال پی ٹی آئی کی خیبرپختونخوا میں حکومت رہی، ان تینوں بڑی جماعتوں نے پاکستان کو غربت اور جہالت کا تحفہ دیا ہے ان جماعتوں نے ملک کو برباد کرکے رکھ دیا ہے، جماعت اسلامی اقتدار میں آئی تو ان جماعتوں کی قیادت کے پیٹ پھاڑ کر اور ان کی انتڑیوں سے قوم کا لوٹا پیسہ نکالے گی۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک کے ہر شہری کو صاف ملنا چاہئے، 5 دریا بہنے کے باوجود بھی پاکستانیوں کو صاف پانی نہیں مل رہا، اس ملک میں ہمارے پاؤں تلے سونا اور چاندی موجود ہے، لیکن آج پاکستان پر 80 ہزار ارب کا قرضہ ہے، ہر پاکستانی پونے 3 لاکھ روپے آئی ایم ایف کا مقروض ہے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ سوال یہ ہے کہ قانون کی بالادستی کے راستے میں کون رکاوٹ ہے، کسی عام آدمی نے پاکستان کو تباہ نہیں کیا اس ملک کے گھر کو آگ گھر کے چراغ سے لگی ہے

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ اس ملک میں سونا، یورینیم، زراعت، پانچ دریا سب کچھ موجود مگر 80 ہزار ارب روپے کا قرض کیوں ہے، 7 کروڑ نوجوان ملازمت سے محروم کیوں ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو کس نے امریکا کے حوالے کیا تھا سب کو معلوم ہے، یہ آج کی بڑی پارٹیاں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی واپسی کے لئے ذرا سی بھی کوشش کی یہ امریکی صدر سے اپنے اقتدار کی بات کرتے ہیں مگر ڈرتے ہوئے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے لئے بات نہیں کرتے۔

Jamat e Islami

Siraj Ul Haq

Election 2024

Election Jan 2 2024