Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

سزا یافتہ افراد کی نااہلی مدت 10 سال کرنے کیلئے نیب کو عدالت سے فوری ریلیف نہ مل سکا

سزا یافتہ الیکشن لڑنے کیلئے ہائیکورٹ سنگل بنچ فیصلے کا حوالہ دے رہے ہیں، نیب
اپ ڈیٹ 02 جنوری 2024 01:34pm

نیب سزا یافتہ کی دس سالہ نااہلی کے فیصلے کے خلاف اپیل پر آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت ہوگی۔

جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے اپیل پر سماعت کی۔

نیب سزا یافتہ کی دس سالہ نااہلی کم کرکے پانچ سال کرنے کے فیصلے کے خلاف اپیل پر سماعت شروع ہوئی تو اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیب کی مرکزی اپیل چار جنوری کو مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ پرسوں مرکزی اپیل کے ساتھ یہ متفرق سنیں گے پھر دیکھیں گے۔

سینئر اسپیشل پراسیکیوٹر نیب محمد رافع عدالت کے سامنے پیش ہوئے اور بتایا کہ فائق علی جمالی کے خلاف بلوچستان میں 9 ریفرنسز میں فیصلہ ہوا۔

نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ابھی الیکشن کمیشن کے معاملات چل رہے ہیں، سنگل بنچ کا فیصلہ پیش کیا جا رہا ہے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ آپ نے متفرق درخواست کیوں دائر کی؟ بغیر اپیل کے نوٹس ہوئے کیسے آپ کی یہ متفرق قابل سماعت ہے؟

نیب پراسکیوٹر نے کہا کہ الیکشن کاغذات نامزدگی اپیل دائر کرنے کی کل آخری تاریخ ہے۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ وہ ہمارا معاملہ نہیں ہم اس کے پابند نہیں ہیں۔

خیال رہے کہ نیب نے عدالت سے سنگل بنچ کا فیصلہ فوری معطل کرنے کی استدعا کی ہے۔

نیب کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا ہے کہ نیب کیسز میں سزا یافتہ افراد الیکشن لڑنے کیلئے ہائیکورٹ سنگل بنچ فیصلے کا حوالہ دے رہے ہیں۔

نیب کے مطابق جون میں سنگل بنچ نے نااہلی کی مدت دس کی بجائے پانچ سال کر دی تھی۔

سنگل بنچ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کی گئی، اب الیکشن لڑنے کے لئے سنگل بنچ کے فیصلے کا حوالہ دیا جا رہا ہے۔

نیب نے استدعا کی کہ عدالت انٹرا کورٹ اپیل میں سنگل بنچ کا فیصلہ فوری معطل کرے۔

NAB

Islamabad High Court