Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ٹی آئی کے منحرف رہنما نور عالم خان کا جے یو آئی (ف) میں شمولیت کا اعلان

نور عالم خان 2024 کے عام انتخابات جمعیت علمائے اسلام کے ٹکٹ سے لڑیں گے
شائع 23 دسمبر 2023 08:57pm
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رہنما اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین نور عالم خان نے جمعیت علمائے اسلام (ف) میں باضابطہ طور شمولیت کا اعلان کردیا۔

پشاور میں سابق رکن قومی اسمبلی نورعالم خان نے جمیعت علماء اسلام کے صوبائی امیر سینیٹر عطا الرحمان کے ساتھ پریس کانفرنس میں شمولیت کا اعلان کیا۔

مولانا عطاء الرحمان نے کہا کہ نور عالم خان اور ان کے پورے خاندان کو جے یو آئی میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہیں، آنے والے انتخابات میں جے یو آئی کو حکومت بنانے سے کوئی نہیں روک سکتا، آنے والا دور جے یو آئی کا ہے۔

اس موقع پر سابق رکن قومی اسمبلی نور عالم کا کہنا تھا کہ جمعیت کے ساتھ پہلے بھی بہتر تعلقات تھے، ہمیشہ پاکستان کی سلامتی اور ترقی کے لئے آواز اٹھائی ہے، مولانا فضل الرحمان جو کہتے ہیں وہ سچ ثابت ہوتا ہے۔

نور عالم نے کہا کہ دھرنے جے یو آئی نے بھی کیے لیکن ان لوگوں نے 9 مئی جیسے واقعات نہیں کیے، مولانا عطاء الرحمان کو 2008سے جانتا ہوں، جے یو آئی کی قیادت کا گھر آنے پر مشکور ہوں، جے یو آئی قیادت کے ساتھ پہلے سے ہی اچھے دوستانہ مراسم ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کی سیاسی بصیرت کا ہر کوئی قائل ہے، مولانا فضل الرحمان کی قائدانہ صلاحیت سے متاثر ہوکر جمیعت میں شامل ہوا ہوں، جے یو آئی نے کٹھن حالات میں بھی کبھی کوئی گملہ نہیں توڑا۔

نور عالم نے یہ بھی کہا کہ جیل میں لاڈلے کو دیسی مرغ اور ورزش کی مشینیں تک فراہم کی گئی ہیں، چیف جسٹس سے درخواست ہے کہ تمام قیدیوں کو یکساں حقوق دیے جائیں،

ذرائع کا کہنا ہے کہ نور عالم خان 2024 کے عام انتخابات جمعیت علمائے اسلام کے ٹکٹ سے لڑیں گے۔

واضح رہے کہ نورعالم خان نے 2018 کے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ٹکٹ سے حصہ لیا تھا۔

خیال رہے کہ نور عالم خان نے عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی بازگشت کے بعد تحریک انصاف سے علیحدگی اختیار کرلی تھی اور انہوں نے اس وقت کے پارٹی چیئرمین کی ہدایت کے باوجود قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ نہیں دیا تھا۔

peshawar

JUIF

Noor Alam Khan

Election 2024