Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

سلامتی کونسل میں غزہ کیلئے امداد کی قرارداد منظور، جنگ بندی کا ذکر غائب

امریکہ نے جانچ پڑتال سے متعلق تحفطات کے باعث جبکہ روس نے متن کو کمزور قرارداد دیتے ہوئے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا
اپ ڈیٹ 23 دسمبر 2023 12:42pm

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے غزہ کے لیے امدادی سامان کی ترسیل آسان بنانے کی قرارداد منظور کرلی ہے۔ قرارداد کے مسودے کو غیر معمولی مشاورت اور تبدیلیوں کے بعد حتمی شکل دی گئی۔

سلامتی کونسل کی قرارداد کے متن میں متحارب فریقین پر زور دیا گیا ہے کہ وہ دنیا بھر سےآنے والے امدادی سامان کی ترسیل آسان بنانے کے لیے جارحیت روکنے کے حالات پیدا کریں۔ متن میں جنگ بندی کا واضح طور پر ذکر نہیں۔

قرارداد کی منظوری کی راہ ہموار کرنے کے لیے امریکہ نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔ امریکہ اس قرارداد کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کرتا رہا ہے۔ گزشتہ روز سلامتی کونسل میں امریکہ کے مندوب نے کہا تھا کہ جب تک تحفظات دور نہیں کردیئے جاتے تب تک امریکہ اس قرارداد کے حق میں ووٹ نہیں دے گا۔

واضح رہے کہ امریکہ کو قرارداد کے ابتدائی متن کے اس نکتے پر اعتراض تھا کہ امدادی سامان کی جانچ پڑتال اقوام متحدہ سے کرائی جائے گی۔ امریکہ چاہتا ہے کہ امدادی سامان کی جانچ پڑتال اسرائیل کا استحقاق ہونا چاہیے۔

سلامتی کونسل کی قرارداد کے متن کو کمزور قرار دیتے ہوئے روس نے بھی رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔ یاد رہے کہ سلامتی کونسل میں اس قرارداد پر رائے شماری چار مرتبہ موخر کی گئی۔ متن پر اختلافات کے باعث بڑی طاقتیں اس کی منظوری کے حوالے سے اتفاقِ رائے پر تیار نہیں تھیں۔

Gaza

security council

Resolution