Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

سابق چیف جسٹس کے گھر دھماکے میں 2 پولیس اہلکار زخمی، گرنیڈ سے نشانہ بنایا گیا، ثاقب نثار

دھماکے کے وقت ثاقب نثار گھر پر موجود تھے، فیملی ذرائع
اپ ڈیٹ 20 دسمبر 2023 11:42pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ فائل

سپریم کورٹ آف پاکستان کے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے گھر کے گیراج میں دھماکا ہوا ہے، دھماکے میں 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے گھر پر گرنیڈ سے حملہ کیا گیا، مبینہ حملہ ثاقب نثار کی لاہور کے علاقے گارڈن ٹاؤن میں واقع رہائش گاہ پر ہوا، گرنیڈ گھر کے گیراج میں گرا، جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، زخمی اہلکاروں میں محمد عامر اور خرم شہزاد شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کے وقت سابق چیف جسٹس آف سپریم کورٹ ثاقب نثار گھر پر موجود تھے اور ان کے تمام فیملی ممبران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کے سینئر افسران بھاری نفری کے ہمراہ ثاقب نثار کی رہائش گاہ پہنچ گئے اور مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کردیں۔

پولیس کے مطابق دھماکے سے گھر کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور گاڑی کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

پولیس نے بتایاکہ ابتدائی معلومات کے مطابق موٹرسائیکل سوارملزمان کریکرپھینک کرفرارہوئے۔

سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی آج نیوز سے گفتگو

بعدازاں آج نیوز سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ وہ دھماکے کے وقت اہل خانہ کے ہمراہ گھر کے اندر موجود تھے، زور دار دھماکے کی آواز سن کے باہر آیا، گرنیڈ سے میرے گھر کو نشانہ بنایا گیا۔

ثاقب نثار نے بتایا کہ گرنیڈ دھماکے سے 2 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، لاہور پولیس موقع پر پہنچ گئی ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرے گھر پر سی سی ٹی وی نہیں لگا، میں جب چیف جسٹس تھا اس وقت بھی سی سی ٹی وی نہیں لگائے تھے۔

آئی جی پنجاب کا نوٹس

دوسری جانب آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی رہائش گاہ پر دھماکے میں پولیس کے 2 جوان کے زخمی ہونے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی۔

آئی جی پنجاب نے زخمی اہلکاروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کردی۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے اہلخانہ مکمل طور پر محفوظ ہیں جبکہ آئی جی پنجاب نے واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کا حکم دے دیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس کانسٹیبل عامر اور کانسٹیبل خرم معمولی زخمی ہوئے اور سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، ایس ایس پی آپریشنز سمیت سینئر پولیس افسران موقع پر موجود ہیں۔

واضح رہے میاں ثاقب نثار 31 دسمبر 2016 سے 17 جنوری 2019 تک چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے پر فائز رہے۔

اس سے قبل آج کے روز ہی راولپنڈی میں اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر پر فائرنگ کی اطلاعات سامنے آئی تھیں تاہم بعد میں راولپنڈی پولیس نے تردید کرتے ہوئے کہاکہ نشے میں دھت ایک لڑکے نے ہوائی فائرنگ کی تھی اس کا کسی شخصیت سے تعلق نہیں۔

lahore

Saqib Nisar

former cheif justice

house blast