Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی 20 سیریز سے قبل پاکستان کو بڑا دھچکا، اہم کھلاڑی ٹیم سے ڈراپ

نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کل کیا جائے گا
شائع 18 دسمبر 2023 09:48pm

نیوزی لینڈ کے خلاف 5 ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کل کیا جائے گا جبکہ انجری کے شکار شاداب خان کو ڈراپ کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے قومی سلیکشن کمیٹی کی مشاورت سے 17 رکنی قومی ٹیم کا انتخاب کرکے منظوری کے لیے پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف کو بھیج دی ہے۔

وہاب ریاض منگل کو قومی ٹیم کا اعلان کریں گے، ممکنہ کھلاڑیوں میں کپتان شاہین شاہ آفریدی، بابر اعظم، صائم ایوب، محمد رضوان، فخر زمان، عبداللہ شفیق، حارث رؤف، وسیم جونیئر، زمان خان، آصف آفریدی، عامر جمال، افتخار احمد، شان مسعود، محمد حارث، ابرار احمد، سلمان علی آغا اور محمد نواز شامل ہیں۔ پاک نیوزی لینڈ سیریز کا آغاز 12 جنوری سے ہوگا۔

دوسری جانب قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان دورہ نیوزی لینڈ سے باہر ہوگئے۔

شاداب خان پاؤں کی انجری کا شکار ہیں اور ان کی انجری بہتر ہونے میں مزید 4 ہفتے درکار ہوں گے۔

شاداب خان 3 دسمبر کو یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی پر سیالکوٹ کے خلاف کھیلتے ہوئے زخمی ہوگئے تھے، کراچی میں نیشنل ٹی20 میچ میں فیلڈنگ کے دوران شاداب خان کا پاؤں مڑ گیا تھا جس کے بعد انہیں پیٹھ پر بٹھاکر گراؤنڈ سے باہر لے جانے کی ویڈیو سامنے آئی تھی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ اس بات پر ناراض بھی ہوا کہ زخمی کھلاڑی کو اسٹریچر کے بجائے ساتھی کرکٹر کندھے پر کیوں لے کر گئے؟ جبکہ تمام میڈیکل سہولتیں موجود تھیں۔

پی سی بی راولپنڈی کی ٹیم مینجمنٹ سے ناخوش بھی ہوئی کہ جب اسٹیڈیم میں تمام سہولتیں موجود تھیں تو ایسا کیوں کیا گیا، البتہ اس واقعہ کے بعد شاداب خان جو ٹی 20 میں راولپنڈی کے کپتان تھے، ان کی عدم موجودگی میں قیادت آل راؤنڈر محمد نواز نے کی۔

یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جنوری میں 5 میچز پر مشتمل ٹی 20 سیریز کا آغاز ہوگا، جس کا پہلا میچ 12 جنوری کو آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔

PCB

lahore

Wahab Riaz

T20I series

Pakistan vs New Zealand

zaka ashraf

pcb management committee

PAKISTAN CRICKET BOARD (PCB)