’بہت خارش ہورہی ہے قوم کو کہ فلسطین کیلئے کیوں بولا جارہا ہے‘
پاکستان شوبزانڈسٹری کی مقبول اداکارہ عُشنا شاہ کی پوسٹ پر تنقید صارف کو مہنگی پڑگئی، اداکارہ نے صارف کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
عُشنا شاہ غزہ میں اسرائیل کے ہاتھوں بربریت کا نشانہ بننے والے معصوم فلسطینیوں کیلئے پہلے دن سے آواز اٹھا رہی ہیں۔
وہ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اسرائیل کے اس اقدام کی شدید مذمت کررہی ہیں، جس پر میٹا کی جانب سے ان کا انسٹاگرام اکاؤنٹ بھی شیڈو بین کردیا گیا تھا۔
تاہم اداکارہ نے ان سب پابندیوں کے باوجود اپنی آواز بُلند کرنا نہ چھوڑا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اداکارہ نے ایک پوسٹ شیئرکی تھی، صارف نے عُشنا شاہ کی اس پوسٹ پرانہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔
عُشنا شاہ نے ایکس پوسٹ میں اسرائیل کی قید میں موجود فلسطینی خواتین سے متعلق گفتگو کی تھی۔
تاہم ان کی اس پوسٹ پر زوہیب نامی صارف نے اداکارہ کو پاکستان کیلئے کچھ نہ بولنے پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
صارف نے لکھا تھا کہ ’ہیلو، عُشنا شاہ آپ پاکستان کے لیے کچھ کیوں نہیں بول رہیں۔ پاکستان میں بھی فلسطین جیسا ہی ظلم ہورہا ہے۔ اسرائیل کے بارے میں سوچنے سے پہلے پاکستان کا سوچو۔ یہاں بھی گزشتہ 6 ماہ سے لڑکیاں جیل میں قید ہیں‘۔
صارف کی اس پوسٹ پر اداکارہ نے ان کو آڑے ہاتھوں لے لیا، عُشنا شاہ نے لکھا کہ ’اس کے بارے میں کیا کہا جا سکتا ہے ایک خاص قسم کی وبائی بیماری ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’بہت خارش ہورہی ہے قوم کو کہ فلسطین کیلئے کیوں بولا جارہا ہے۔ بھائیوں اور بہنوں معاف کردو اور ذرا دفع ہوجاؤ‘۔
غزہ پر جاری اسرائیلی فورسز کی بربریت سے اب تک جہاں ہزاروں فلسطینی شہید ہوچکے ہیں تو وہیں لاکھوں بےگھربھی ہوئے ہیں
اسرائیل نے غزہ پر متعدد پابندیاں عائد کی ہیں جس کے سبب غزہ میں صورتحال مزید سنگین ہوگئی ہے۔
Comments are closed on this story.