Aaj News

جمعہ, دسمبر 27, 2024  
25 Jumada Al-Akhirah 1446  

پاکستان کی ایران میں پولیس ہیڈکوارٹر پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت

دہشت گردی کا ہر صورت میں مقابلہ کرنا ہوگا، دفتر خارجہ
شائع 17 دسمبر 2023 11:12am

پاکستان کی جانب سے ایران میں پولیس ہیڈکوارٹر پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی گئی ہے، حملے میں 11 ایرانی پولیس اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔

دفتر خارجہ نے اتوار کو جاری ایک بیان میں کہا کہ، ’ہم متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔‘

بیان میں مزید کہا گیا کہ’“پاکستان ناقابل بیان سانحے کی اس گھڑی میں ایران کی حکومت اور برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔’

ایرانی میڈیا کے مطابق، دہشت گردوں نے ملک کے صوبہ سیستان-بلوچستان کے ایک چھوٹے سے شہر راسک میں پولیس ہیڈکوارٹر پر رات گئے حملہ کیا، سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں متعدد حملہ آور بھی مارے گئے۔

یہ پولیس پر پہلا حملہ نہیں ہے، ماضی قریب میں بھی ایسے ہی حملے ہو چکے ہیں۔ جولائی میں چار پولیس اہلکار گشت کے دوران مارے گئے تھے۔

مئی میں، سیستان-بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت زاہدان کے جنوب مشرق میں سراوان میں ایک مسلح گروپ کے ساتھ جھڑپوں میں پانچ ایرانی سرحدی محافظ ہلاک ہو گئے تھے۔

پاکستان، جو خود بھی عسکریت پسندی میں اضافے کی لپیٹ میں ہے، اس کا کہنا ہے کہ ’دہشت گردی علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہے اور اس کا دو طرفہ علاقائی تعاون کے ذریعے ہر طرح سے مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔‘

پاکستان

Iran

Police Headquarters Attack