Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

لانڈھی میں بیوی نے خود کو آگ لگا لی، ملیر میں بیوی کو گولی مار کر شوہر کی خودکشی

جوڑے کا کم سن بچہ لاشوں کے قریب ملا۔
اپ ڈیٹ 16 دسمبر 2023 07:30pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

کراچی کے علاقے ملیر میں ایک شخص نے بیوی کو قتل کرکے خودکشی کرلی۔ گولی چلانے سے پہلے متوفی نے گھر کی گیلری میں کھڑے ہوکر میڈیا کو کوریج کیلئے بلانے کا مطالبہ کیا جبکہ پولیس نے اسے روکنے کی کوشش بھی کی تھی۔ دوسری طرف لانڈھی گل احمد چورنگی کے قریب گھر میں خاتون نے پیٹرول ڈال کر خود کو آگ لگا لی۔

پولیس کے مطابق ملیر میں اہلیہ کو قتل کرنے والا شخص خودکشی کرنے سے پہلے کافی دیر بالکونی میں کھڑا رہا۔

ایس ایس پی ملیر کے مطابق متوفی اپنے مسائل بتانے کے لئے بار بار میڈیا کو بلانے کا مطالبہ کر رہا تھا، جبکہ پولیس نے دھمکیاں دینے والے مذکورہ شخص کو منانے کی کوشش کی۔

تفصیلات کے مطابق ملیر سٹی کے علاقے میں شہری کی مبینہ طور پر خودکشی کی دھمکی پر پولیس موقع پر پہنچی۔

پولیس کے مطابق شہری نے گیلری پر کھڑے ہو کر خود کشی کی دھمکی دی تھی، جبکہ اس شخص نے گھر کا دروازہ بند کر رکھا تھا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ اس شخص نے گولی چلانے سے پہلے کہا کہ میڈیا والوں کو بلایا جائے ورنہ میں خودکشی کرلوں گا ، میں میڈیا کے سامنے اپنا مسئلہ بیان کروں گا۔

اس حوالے سے پولیس نے مزید بتایا کہ گھر کے دروازے پر کنڈی لگائی ہوئی تھی، خودکشی کرنے والے شخص نے کہا کہ براہ راست نشر کرنے کا انتظام کیا جائے بڑی میڈیا کی گاڑیاں منگوائی جائیں۔

پولیس حکام کے مطابق فلیٹ کے اندر سے فائرنگ کی آواز آئی، مشکور نامی شہری نے بچے کو چھوڑ کر خود کو اور بیوی کو گولی ماردی۔

جوڑے کا کم سن بچہ لاشوں کے قریب ملا۔

خاتون نے پیٹرول ڈال کر خود کو آگ لگا لی

دوسری طرف لانڈھی گل احمد چورنگی کے قریب گھر میں خاتون نے پیٹرول ڈال کر خود کو آگ لگا لی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق شوہر نے بیوی کو بچانے کی کوشش کی اور اس دوران دونوں جھلس کر زخمی ہوگئے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو طبی امداد کے لئے سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کیا گیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق خاتون تیس سالہ کنزہ ستر فیصد جھلس کر زخمی ہوئی جبکہ شوہر آصف بیوی کو بچاتے ہوئے دس سے بارہ فیصد جھلس گیا۔

یاد رہے کہ دو روز قبل کورنگی کوسٹ گارڈ چورنگی میں مالک مکان کی جانب سے گھر خالی کرانے پر کرائے دار میاں بیوی نے خود کو آگ لگالی تھی، جس سے دونوں میاں بیوی جھلس کر زخمی ہوگئے تھے۔

دوسری جانب پولیس حکام نے انکشاف کیا تھا کہ واقعہ مکان مالک اور کرایہ داروں میں تنازعے کا شاخسانہ تھا، مکان مالک نے کرایہ نہ دینے پر گھر خالی کا کہا تھا جس پر کرایہ دار خاتون اور مرد نے خود پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔

پولیس کا کہنا تھا کہ دونوں نشے کے عادی ہیں اور طیش میں آکر یہ قدم اٹھایا۔

کرائم اور حادثات کے دیگر واقعات

کراچی میں دن دہاڑے ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کے 3 مختلف واقعات رونما ہوئے۔ فائرنگ کے واقعات گلستان جوہر ، سائٹ سپر ہائی وے اور سچل تھانے کی حدود میں پیش آئے۔ ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوئے۔

سچل تھانے کی حدود میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے زاکر اور خادم زخمی ہوئے، تھانہ سائٹ سپر ہائی وے کی حدود میں فائرنگ سے امیر محمد نامی شخص زخمی ہوا جبکہ گلستان جوہر بلاک 16 میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے واصف نثار نامی شخص زخمی ہوا۔

دوسری جانب سٹی ریلوے اسٹیشن کے قریب گاڑیوں کے شوروم میں آگ لگ گئی جس کی اطلاع پر کے ایم سی فائر بریگیڈ کی دو اور کے پی ٹی کے دو فائر ٹینڈرز پہنچیں۔ چار گاڑیوں نے آگ پر قابو پایا، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ریسکیو حکام کے مطابق کلفٹن اپر گزری میں زیر تعمیر عمارت کی چھت سے گر کر ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

واقعہ فاطمہ مسجد کے قریب پیش آیا، جاں بحق مزدور کی شناخت محمد عمران کے نام سے کی گئی۔

ادھر اولڈ سٹی ایریا میمن مسجد کے قریب گھر کی چھت سے گر کر 55 سالہ یاسمین جاں بحق ہوگئی۔

karachi

fire

Murder

Suicide

Karachi Police