Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

ن لیگ پارلیمانی بورڈ کا اجلاس: گوجرانوالہ ڈویژن کے امیدواروں کے انٹرویوز کیے گئے

گجرات میں مسلم لیگ ق کے ساتھ ممکنہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے تحت امیدواروں کے ناموں پر بھی غور
شائع 14 دسمبر 2023 07:20pm
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ کے 9 ویں اجلاس میں پارلیمانی بورڈ نے گوجرانوالہ ڈویژن سے قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کے انٹرویوز کیے۔

مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور صدر شہباز شریف کی زیر صدارت پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کے 9 ویں اجلاس میں گوجرانوالہ ڈویژن سے قومی اسمبلی کی 9 اور پنجاب اسمبلی کی 22 نشستوں کے لیے امیدواروں کے انٹرویو کیے گئے۔

اجلاس میں مریم نواز، حمزہ شہباز، اسحاق ڈار اور رانا ثناء اللہ سمیت سینئر رہنما شریک ہوئے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق آج کے اجلاس میں گجرات میں مسلم لیگ ق کے ساتھ ممکنہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے تحت امیدواروں کے ناموں پر بھی غور ہوا۔

پختون خواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے بھی مرکزی سیکریٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔

ملاقات میں مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنما بھی شریک ہوئے۔

محمود اچکزئی نے نیب ریفرنسز میں بریت پر نواز شریف کو مبارک دی جبکہ دونوں قائدین نے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے آٹھویں مرکزی پارلیمانی اجلاس میں پارٹی قائد نواز شریف نے ساہیوال ڈویژن سے پارٹی ٹکٹ کے لیے امیدواروں کے انٹرویو کیے۔

ساہیوال ڈویژن سے قومی اسمبلی کی کل 9 اور پنجاب اسمبلی کی 20 نشستیں ہیں جن کے لیے شارٹ لسٹ امیدواروں کے ناموں پر فیصلہ کیا گیا اور حتمی امیدواروں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

اس سے پہلے پارلیمانی بورڈ سرگودھا،راولپنڈی،ملتان،بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان کے علاوہ بلوچستان،خیبر پختونخوا کے مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژنز سے امیدواروں کے ناموں پر غور کر چکا ہے۔

PMLN

Nawaz Sharif

lahore

party tickets

PAKISTAN MUSLIM LEAGUE (PMLN)