Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

منتخب وزیراعظم کو نااہل قرار دینے کیلئے بنائے گئے مقدمات انجام کو پہنچ گئے، شہباز شریف

شہبازشریف کا العزیزیہ ریفرنس میں نوازشریف کی بریت پر تشکر کا اظہار
شائع 12 دسمبر 2023 06:35pm

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے العزیزیہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کی بریت پر تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ منتخب وزیراعظم کو نااہل قرار دینے کے لیے بنائے گئے جھوٹے مقدمات بالآخر انجام کو پہنچ گئے۔

سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے ایک بیان میں سابق وزیراعظم شہباز شریف نے العزیزیہ ریفرنس میں بریت پر نواز شریف کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے قائد پاکستان مسلم لیگ ن نواز شریف ایک بار پھر کامیاب ہو گئے ہیں۔

شہبازشریف نے کہا کہ ایک منتخب وزیراعظم کو نااہل قرار دینے کے لیے بنائے گئے جھوٹے مقدمات بالآخر انجام کو پہنچ گئے، نواز شریف کی نااہلی کے بعد ضائع ہونے والے 7 سالوں میں پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا سفر رک گیا، اب ایک بار پھر قائد ن لیگ کی قیادت میں پاکستان ترقی کرے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اللہ تعالی کا شکر اور کرم ہے کہ میرے قائد نوازشریف کو دیر سے ہی سہی، انصاف ملا، 7 سال پہلے ایک بے گناہ کو طاقت اور انتقام کی وجہ سے ناحق سزا دی گئی، اللہ تعالی نے نوازشریف کو سرخرو کیا جس نے اپنا معاملہ اللہ تعالی پر چھوڑا تھا، اللہ تعالی نے دنیا کو نوازشریف کی بے گناہی دکھا دی۔

مسلم لیگ ن کے صدر نے یہ بھی کہا کہ قائد نوازشریف نے 7 برس میں ناقابل تلافی ذاتی صدمے اور نقصان اٹھائے، نواز شریف کے ذاتی دکھوں کا مداوا نہیں ہوسکتا، ترقی کرتے پاکستان کو معاشی تباہی کی دلدل میں دھنسایا گیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اپنے بڑے بھائی نوازشریف اور بیٹی مریم نواز کو مبارک پیش کرتا ہوں، پوری قوم ، کارکنوں اور پارٹی قائدین کو مبارک دیتا ہوں۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ ریفرنس میں نوازشریف کی سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں بری کر دیا ہے۔

اس سے قبل حال ہی میں ایون فیلڈ ریفرنس میں بھی نوازشریف کو بری کیا گیا تھا۔

PMLN

Nawaz Sharif

Shehbaz Sharif

اسلام آباد

shahbaz sharif

PAKISTAN MUSLIM LEAGUE (PMLN)

Al Aziziya reference