Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

انتخابات 8 فروری کو ہونگے، اس پر کوئی شک و شبہ نہیں ہونا چاہئے، نگراں وزیر اطلاعات

الیکشن کمیشن کی مالی، انتظامی یا سکیورٹی ضروریات پورا کرنا ہماری ذمہ داری ہے، مرتضیٰ سولنگی
شائع 08 دسمبر 2023 03:34pm
فوٹو — اسکرین گریب
فوٹو — اسکرین گریب

نگراں وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ عام انتخابات 8 فروری کو ہی ہوں گے، اس کے انعقاد پر کوئی شک و شبہ نہیں ہنا چاہیے۔

کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ نگراں حکومت آزادانہ، غیر جانبدارانہ اور شفاف انتخابات کرانے کیلئے پرعزم ہے، لہٰذا نتخابات کے انعقاد کے حوالے سے کسی قسم کا کوئی شک و شبہ نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ 8 فروری 2024ءکو پورے ملک میں انتخابات ہوں گے، الیکشن کمیشن کی مالی، انتظامی یا سکیورٹی ضروریات پورا کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت چاروں صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر اس فریضے کو سرانجام دے گی، ہمارے آئین کی تمہید میں لکھا ہے کہ یہ ملک اس کے منتخب نمائندے چلائیں گے۔

نگراں وزیر اطلاعات نے کہا کہ جس حالت میں ملک ملا ہے، اس سے بہتر حالت میں اگلی منتخب حکومت کے حوالے کریں گے، آج پاکستان اسٹاک ایکسچینج 100 انڈیکس 66 ہزار کی حد عبور کر چکا جب کہ ڈالر کی قدر میں بھی کمی ہوئی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کچھ لوگ افواہیں پھیلا رہے تھے کہ آئی ایم ایف کے اگلے بورڈ میں پاکستان کا کیس نہیں، بلومبرگ کی آج کی خبر ہے 11 جنوری کو پاکستان آئی ایم ایف بورڈ کے ایجنڈے پر ہے، ہمیں خوشی ہے ملک معاشی استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے۔

اپنی پریس کانفرنس میں مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ ی ٹی وی کوئٹہ سینٹر کے دورہ کے دوران پی ٹی وی بولان کی ٹیرسٹیریل براڈ کاسٹنگ کے حوالے سے گفتگو ہوئی، پی ٹی وی بولان کی نشریات کو انٹینا کے ذریعے ممکن بنانے پر کوشش کریں گے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک کے جغرافیائی رقبہ کا 43 فیصد رقبہ بلوچستان میں ہے، یہ تاریخی اعتبار سے ایک متنوع صوبہ ہے، پی ٹی وی بولان کی نشریات کا دائرہ کار بڑھا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 17 دسمبر سے انشاءاللہ پی ٹی وی بولان پر ہزاروی زبان میں بھی نشریات شروع کریں گے، ہماری کوشش ہوگی کہ پی ٹی وی بولان کی تکنیکی اور ہیومن ریسورس ضروریات کو پورا کریں۔

مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت کے اختیارات اور مدت محدود ہے، کوئٹہ پریس کلب اور بلوچستان کے صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے جو بھی ممکن ہوگا اقدامات اٹھائیں گے۔

ECP

بلوچستان

quetta

Murtaza Solangi

Election 2024