Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

پشاور کے ورسک روڈ بابو گڑھی میں دھماکا، ویڈیو سامنے آگئی

روڈ کنارے بارود نصب کیا گیا تھا، جس میں 4 کلوگرام بارودی مواد استعمال ہوا، ایس ایس پی
شائع 05 دسمبر 2023 05:27pm
دھماکے کی جگہ دھواں اٹھ رہا ہے جب کہ ریسکیو ٹیمیں وقوعہ پر موجود ہیں۔ فوٹو:آج نیوز
دھماکے کی جگہ دھواں اٹھ رہا ہے جب کہ ریسکیو ٹیمیں وقوعہ پر موجود ہیں۔ فوٹو:آج نیوز

ورسک روڈ بابو گڑھی میں دھماکا ہوا ہے، جس میں 3 بچوں سمیت 7 افراد کے زخمی ہوئے، ایس ایس پی ارشد خان کا کہنا ہے کہ روڈ کنارے بارود نصب کیا گیا تھا، جس میں 4 کلوگرام بارودی مواد استعمال ہوا۔

پشاور کے ورسک روڈ بابو گڑھی میں دھماکا ہوا، جس کی آواز دور دور تک سنائی دی گئی، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں وقوعہ کی جانب روانہ ہوگئیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 3 بچوں سمیت 7 افراد زخمی ہوئے، جنہیں لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا گیا۔ زخمیوں میں احسان اللہ، احمد ضیاء، جاوید، نعمت، شاکر، یوسف اور سعد شامل میں ہیں۔

![ وقوعہ پر پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں موجود ہیں۔ فوٹو:آج نیوز ][1]

ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکا نجی بینک اور اسکول کے قریب ہوا، جس سے 2 گاڑیوں اور قریبی عمارت کے شیشے ٹوٹ گئے، اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور ریسکیو ٹیمیں بھی پہنچ گئیں اور سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

ایس پی ارشد خان کا کہنا ہے کہ دھماکا صبح 9 بج کر 10منٹ پر ہوا، روڈ کنارے بارود نصب کیا گیا تھا، جس میں 4 کلوگرام بارودی مواد استعمال ہوا۔

ایس ایس پی نے کہا کہ دھماکے کا ہدف بتانا قبل ازوقت ہوگا، کرائم سین کی تحقیقات چل رہی ہیں۔

نگراں وزیرِ اعظم کی پشاور میں وارسک روڈ پر دھماکے کی شدید مذمت

دوسری جانب نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے پشاور میں وارسک روڈ پر دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبّی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

منگل کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طر ف سے جاری بیان کے مطابق نگراں وزیرِ اعظم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو واقعے کی تحقیقات جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ دہشت گردوں کے پاکستان کے امن کو تباہ کرنے کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ واقعے کے ذمہ داران کی جلد از جلد نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔

نگراں وزیرِ اعظم نے دھماکے میں زخمی ہونے والے بچوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

شہباز شریف کی بھی وارسک روڈ پشاور پر دھماکے کی شدید مذمت

ادھر مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے بھی وارسک روڈ پشاور پر دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔

شہباز شریف نے زخمی بچوں اور ان کے والدین سے ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمی بچوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گرد بچوں سمیت ہر پاکستانی کے دشمن ہیں۔ [1]: https://i.aaj.tv/large/2023/12/05101746b9e1e4c.png

peshawar

Blast

KPK Police

peshawar police