3 قومی کرکٹرز کو آسٹریلوی لیگ کھیلنے کیلئے این او سی مل گیا
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 3 قومی کرکٹرز کو آسٹریلوی بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کھیلنے کے لیے این او سی جاری کردیا۔
پی سی بی نے اسامہ میر، حارث رؤف اور زمان خان کو بی بی ایل کے لیے این او سی جاری کیا ہے، کھلاڑیوں کو مکمل ایونٹ کے بجائے محدود میچز کے لیے این او سی دیا گیا ہے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ این او سی کھلاڑیوں کے ورک لوڈ اور پاکستان مینز ٹیم کے فیوچر ٹور پروگرام کو دیکھ کرجاری کیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ یہ سمجھتا ہے کہ یہ فیصلہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے بہترین مفاد میں ہے جس میں گیم ٹائم اور ورک لوڈ منیجمنٹ کے درمیان توازن سب سے زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔
حارث رؤف اور اسامہ میر کو بگ بیش لیگ کے 5،5 میچز کا این او سی دیا گیا ہے جبکہ زمان خان کو 4 میچوں کے لیے این او سی جاری کیا گیا ہے۔
قومی کرکٹرز کو7 سے 28 دسمبر کے درمیان کا این او سی جاری کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ قومی ٹیم اس وقت 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے آسٹریلیا میں موجود ہے۔
حارث رؤف نے خود کو ٹیسٹ کھیلنے سے دستبردار کرلیا تھا۔
مزید پڑھیں
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا بگ بیش لیگ کھیلنے سے انکار
دورہ آسٹریلیا کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے بتایا تھا کہ فاسٹ بولر حارث رؤف نے خود کو ٹیسٹ کھیلنے سے دستبردار کیا ہے، ہم نے حارث رؤف کو ہر ممکن سہولیات دینے کی کوشش کی اور دورے کے لیے حارث رؤف سے بات ہوئی تھی، فزیو نے بتایا کہ آگے جا کر فٹنس کا ایسا کوئی ایشو نہیں ہے لیکن حارث نے خود دورے پر جانے سے انکار کیا۔
Comments are closed on this story.