Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
15 Jumada Al-Akhirah 1446  

شہباز شریف اور حمزہ شہباز کیخلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس دوبارہ کھل گیا

بطور پبلک آفس ہولڈر کبھی تنخواہ اور مراعات نہیں لی، صدر مسلم لیگ ن
اپ ڈیٹ 29 نومبر 2023 08:25pm
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

سپریم کورٹ کے احکامات کی بعد سابق وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس دوبارہ کھل گیا، شہباز شریف نے احتساب عدالت پیش ہو کر بیان دیا کہ بطور پبلک آفس ہولڈر کبھی تنخواہ اور مراعات نہیں لی، عدالت سے انصاف کی توقع ہے۔

لاہور کی احتساب عدالت کے جج ذولقرنین اعوان نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس پر سماعت کی۔

سابق وزیر اعظم شہباز شریف عدالت میں پیش ہوئے جبکہ حمزہ شہباز نے بیرون ملک ہونے کے باعث حاضری معافی کی درخواست دائر جسے عدالت نے منظور کرلیا۔

دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ پہلے اس کیس میں شہباز شریف کو حاضری سے استثنیٰ حاصل تھا؟ جس پر شہباز شریف روسٹرم پر آئے اور استدعا کی کچھ گذارشات کرنا چاہتا ہوں۔

شہباز شریف نے کہا کہ نیب نے صاف پانی میں کیس چلا کر آشیانہ کیس میں انہیں گرفتار کیا تھا، پھر مجھ پر گندہ نالہ کی تعمیر کرنے کا کیس بنا دیا گیا۔ وہ گندہ نالہ ایک ایم پی اے نے تعمیر کرایا تھا، میرے دور میں صاف پانی کے ہزاروں پروجیکٹس لگے، اپنے دور اقتدار میں خاندان کے افراد کا پونے دو ارب کا نقصان کیا مگر شوگر ملزم کو سبسڈی نہیں دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پورے پاکستان میں ایکسائز ڈیوٹی نہیں تھی پہلی بار ہماری حکومت نے پنجاب میں اینتھول پر ڈیوٹی لگائی جبکہ پی ٹی آئی کی حکومت نے وہ ایکسائز ڈیوٹی بھی ختم کردی تھی۔

شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ بطور وزیراعظم اور وزیراعلیٰ تنخواہ تک میری تنخواہ اور مراعات 10 کڑور بنتی تھی جسے کبھی نہیں لیا۔

بعد ازاں احتساب عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملزریفرنس پر سماعت 12 دسمبر تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو طلب کر رکھا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ریفرنس واپس نیب عدالت آیا تھا۔

دائر ریفرنس میں نیب نے الزام عائد کیا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے شوگرمل کے باہر قومی خزانے سے گندا نالا تعمیرکروایا تھا۔

accountability court

NAB

Shehbaz Sharif

lahore

Hamza Shehbaz

ramazan sugar mills referene