Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

ہائر ایجوکیشن کمیشن نے افغان شہریوں کیلئے اسکالر شپ کا اعلان کردیا

علامہ محمد اقبال اسکالرشپس کے فیز 3 کے تحت ہزاروں افغان شہریوں سے درخواستیں طلب
شائع 23 نومبر 2023 07:04pm

ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان (ایچ ای سی) نے ساڑھے چار ہزار افغان شہریت رکھنے والے باشندوں کیلئے اسکالرشپس کا اعلان کیا ہے۔

علامہ محمد اقبال اسکالرشپس کے فیز 3 کے تحت ایچ ای سی نے معروف پاکستانی یونیورسٹیوں میں انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ سطحوں پر اعلیٰ تعلیم کے حصول میں دلچسپی رکھنے والے افغان شہریوں سے درخواستیں طلب کی ہیں۔

ایچ ای سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ اسکالرشپ مکمل طور پر فنڈڈ ہے اور اس میں ٹیوشن فیس، رہائش الاؤنس، بک الاؤنس، ہاسٹل کے واجبات، اور سفری الاؤنس شامل ہیں۔

اہلیت کا معیار

انڈرگریجویٹ لیول کے امیدواران کیلئے اہلیت کا معیار جو درج کیا گیا ہے اس کے مطابق طالبعلم نے تعلیم کے 12 سال مکمل کیے ہوئے ہوں۔ لیکن نتائج کے منتظر طلباء درخواست نہیں دے سکتے۔

اعلامیے میں انڈر گریجویٹ امیدواروں کی عمر کی حد درخواست کی آخری تاریخ سے پہلے 17 سے 23 سال تک درج کی گئی ہے۔

اسی طرح طالبعلموں کے آئی بی سی سی پاکستان کے مساوی فارمولے کے مطابق عام مضامین میں کم از کم مارکس 60 فیصد ہونے چاہئیں، جبکہ میڈیکل اور انجینئرنگ کے مضامین میں کم از کم 65 فیصد نمبرز ہونے چاہئیں۔

پوسٹ گریجویٹ سطح پی ایچ ڈی امیدواران کیلئے عمر کی حد نان فیکلٹی ممبران کے لیے 35 سال اور فیکلٹی ممبران کے لیے 40 سال مقرر کی گئی ہے، جبکہ تعلیم کے 18 سال مکمل ہونے چاہئیں۔ امیدوار کی سی جی پی اے 4.0 میں سے کم از کم 3.0 یا اس کے مساوی ہونی چاہئیے۔

ایم ایس کے امیدواروں کیلئے عمر کی حد درخواست کی آخری تاریخ سے پہلے 35 سال ہونی چاہئیے اور تعلیم کے 16 سال مکمل ہونے چاہئیں۔

اسی طرح سی جی پی اے 4.0 میں سے کم از کم 2.5 یا اس کے مساوی ہونی چاہئیے۔

یہ اسکالرشپ متعدد شعبوں بشمول میڈیسن، انجینئرنگ، ایگریکلچر، مینجمنٹ سائنسز، بائیولوجیکل سائنسز، سوشل سائنسز اور کمپیوٹر سائنس وغیرہ میں دستیاب ہیں۔

انتخاب کا معیار

ایچ ای سی کے مطابق انتخاب مکمل طور پر میرٹ پر کیا جائے گا جس میں تعلیمی اسناد اور اہلیت ٹیسٹ سکور جو ایچ ای سی کے ذریعے منعقد کیا جاتا ہے) اور انتخابی انٹرویو شامل ہیں۔

اپلائی کرنے کا طریقہ

دلچسپی رکھنے والے افغان درخواست دہندگان https://pakafghan.hec.gov.pk پر آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔

اس حوالے سے مزید معلومات کے لیے www.hec.gov.pk/site/pakafghan پر کلک کریں۔

اہم نوٹ: ایوارڈ حاصل کرنے والے اپنی تعلیم مکمل کرنے اور ڈگری کی تکمیل کے بعد افغانستان واپس جانے کے لیے حکومت پاکستان کے ساتھ ایک قانونی معاہدے پر دستخط کریں گے۔ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 نومبر 2023 ہے۔

درخواست دہندگان جو پہلے سے ہی کسی دوسرے ایچ ای سی یا حکومت پاکستان کی اسکالرشپ حاصل کر چکے ہیں وہ درخواست دینے کے اہل نہیں ہیں۔

درخواست دہندگان نے درخواست کی آخری تاریخ کو یا اس سے پہلے مطلوبہ تعلیمی قابلیت حاصل کرلی ہو۔

غیر ملکی اہلیت رکھنے والے درخواست دہندگان کو متعلقہ یونیورسٹی کو IBCC Pakistan/HEC پاکستان سے مساوات کا سرٹیفکیٹ فراہم کرنا ہوگا۔

اسکالرشپ میں کلینیکل میڈیکل سائنسز میں ایم ایس / پی ایچ ڈی شامل نہیں۔

پی ایچ ڈی کی ڈگری میں داخلے کے لیے، درخواست دہندہ نے ایم ایس/ایم فل میں اسی مضمون کا مطالعہ کیا ہو۔

طلباء کو صرف مناسب شناختی کارڈ یعنی اصل پاسپورٹ/الیکٹرانک تذکیرہ کی فراہمی پر امتحانات میں بیٹھنے کی اجازت ہوگی۔

درخواست صرف آن لائن وصول کی جائے گی اور پرنٹ شدہ یا ہارڈ کاپیوں پر غور نہیں کیا جائے گا۔

درخواست دہندگان کو سختی سے مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اپ ڈیٹس کے لیے اپنی ای میل اور ایچ ای سی کی ویب سائٹ کو باقاعدگی سے چیک کریں، کسی بھی قسم کی تکلیف کی صورت میں مدد حاصل کرنے کے لیے آخری تاریخ سے پہلے اچھی طرح سے درخواست دینے کی ضرورت ہے۔

ایچ ای سی بغیر کوئی وجہ بتائے کسی بھی مرحلے پر اسکالرشپ کے عمل کو ملتوی یا منسوخ کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

پاکستان

scholarships

HEC

Afghan Nationals